کسی کا نام لئے بغیر چیف منسٹر مغربی بنگال کا تبصرہ ‘ شمالی بنگال کے دورہ پر روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر پریس کانفرنس
کولکتہ ۔یکم نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) افراد کی آزادی پر ناجائزہ قبضہ کرنے کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج کہا کہ گڑبڑ پیدا کرکے کوئی سیاسی فائدہ حاصل نہیں کیا جاسکتا اور ایسے عناصر ملک کی ترقی نہیں چاہتے ۔ انہوں نے سٹی ایئرپورٹ میںپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی شخص کو کچھ بھی کھانے کی آزادی ہونا چاہیئے یا اپنی پسند کا لباس پہننے ‘ اپنی پسند کا گیت گانے مختصر یہ کہ تمام معاملات میں آزادی اور انتخاب کا اختیار ہونا چاہیئے ۔ اس ملک میں ہر شخص کا حق مساوی ہے ۔ وہ اپنی منتخبہ چیزوں کی تشہیر کرسکتا ہے ۔ ترنمول کانگریس کی صدر نے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ گڑبڑ پیدا کرنا اور انفرادی آزادی پرناجائز قبضہ کرنا قابل مذمت ہے ۔ بھارت کا تصور صرف وحدت میںکثرت کے فلسفہ میں پوشیدہ ہے اور یہی ملک کی بنیادی طاقت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال ہمیشہ اتحاد اور عوام کے تمام طبقوں کے درمیان خیرسگالی کی تائید کرتا رہا ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ اگر کوئی شخص ملک میں گڑبڑ پیدا کرناچاہتا ہے تو یہ ٹھیک نہیں ہے ۔ انہوں نے ان لوگوں کی طرف اشارہ کیا جو ایسے مسائل اٹھاتے ہیں جن کا مقصد ملک کی ترقی نہیں ہوتا ۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ اگر ملک کی ترقی کا مسئلہ اُن کے پیش نظر ہوتا تو وہ اس قسم کی چالیں نہ چلتے ۔
ممتا بنرجی نے شمالی بنگال کے کئی پروگراموںمیں شرکت کیلئے وہاں کے تین روزہ دورہ پر روانگی سے قبل سٹی ایئرپورٹ پر اخباری نمائندوں کے سوالوں کا جواب دیا ۔ انہوں نے کہاکہ وہ جئے گاؤں میں 3نومبر کو ہند۔ بھوٹان سرحد پر ایک اجلاس میں شرکت کریں گی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اس میں بھوٹان کی کئی اہم شخصیات پر مشتمل بشمول وزراء ‘ وفد شرکت کرے گا ۔ انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ کوچ بہار ‘ دوار ‘ ترائی‘ علی پور دوار ‘ جل پائی گڑی ‘ مال میں بھی مختلف اجلاسوں میں شرکت کریں گی ‘ جن میں عوامی پراجکٹس پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ شمالی بنگال کے پراجکٹس پر باقاعدہ نظر رکھیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر تین تا چار ماہ میں ایک بار شمالی بنگال کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گی ‘ ان کے پروگرام کا آج ہی سے آغاز ہورہاہے جب کہ وہ سلی گڑی کے قریب باگ ڈوگرا ایئرپورٹ پر اتریں گی۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ کولکتہ میں ان کی آمد پر وہ چینی ٹیم کے ساتھ ایک اجلاس میں شرکت کریں گی اس ٹیم کی قیادت نائب صدر کریں گے اور 5نومبر کو یہ ملاقات مقرر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم دورہ ہے ۔ وہ 4کی رات واپس آجائیں گی اور اگلے دن ہی دوبارہ دورہ پرروانہ ہوجائیں گی ۔ مغربی بنگال کے وزیر مدن مترا کی ضمانت پر رہائی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ تقریباً ایک سال شاردا اسکام کے سلسلہ میں جیل میں تھے اور ایک مقامی عدالت نے ان کی ضمانت پر رہائی منظور کی ہے ‘ تاہم وہ عدالت کے بارے میں ایک لفظ بھی کہنا نہیں چاہتی۔ پریس کانفرنس کے بعد چیف منسٹر مغربی بنگال مقامی ایئرپورٹ سے بذریعہ طیارہ شمالی بنگال کے مختلف علاقوں کے دورہ کیلئے روانہ ہوں گئیں ۔