ممبئی 22 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا کے گڈ چیرولی ضلع میں پیش آئے ایک انکاؤنٹر میں 14 نکسلائیٹس مارے گئے ہیں۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ انسپکٹر جنرل پولیس شرد شیلر نے بتایا کہ
C-60
کمانڈوز کی ایک ٹیم نے گڈچیرولی ضلع میں یہ کارروائی انجام دی ہے ۔ یہ کمانڈوز گڈچیرولی پولیس کی خصوصی لڑاکا یونٹ ہے جو ایسی کارروائیوں کیلئے شہرت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 14 نکسلائیٹس اس انکاؤنٹر میں مارے گئے ہیں ۔ علاقہ میں اب بھی بچے ہوئے نکسلائیٹس کی تلاش جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلاشی مہم کا آج صبح آغاز ہوا تھا جو ٹڈگاؤں جنگل کے علاقہ میں شام کے وقت تک جا ری رہی ہے ۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے بتایا کہ اس انکاؤنٹر میں ممنوعہ نکسلائیٹس تنظیم کے ضلع سطح کے دو کمانڈرس بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ کسی ایک انکاؤنٹر میں دو نکسلائیٹ کمانڈرس کی ہلاکت نکسلائیٹس کیلئے ایک بڑا دھکہ سمجھی جا رہی ہے ۔ ریاست کے ڈائرکٹر جنرل پولیس ستیش ماتھر نے اس انکاؤنٹر میں حصہ لینے والی C-60 کمانڈوز کی ٹیم کو مبارکباد بھی دی ہے ۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے کہا کہ یہ حالیہ وقتوں میں نکسلائیٹس کے خلاف حاصل کی گئی ایک بڑی کامیابی ہے ۔