نئی دہلی، 27 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)گوگل نے اردو کے عظیم شاعر مرزا غالب کی آج 220 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ایک خوبصورت ڈوڈل کے ذریعہ خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔’گوگل کے ڈوڈل میں مرزا غالب ہاتھ میں قلم اور کاغذ لئے مغل طرز کی عمارت کے برآمدے میں چہل قدمی کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ گوگل نے اس تصویر کے ساتھ ہی غالب کے لئے اپنے بلاگ میں لکھا ہے کہ ‘ ان کی شاعری میں ہنگامہ خیز اور مصائب سے پر زندگی کی جھلک ان کے کلام میں صاف دکھائی دیتی ہے ۔ خواہ کم عمری میں یتیمی ہو یا پھر اپنی سات اولادوں کی موت یا پھر ہندوستان میں مغلوں کی حکومت کا خاتمہ ، ان حالات نے ان کی شاعری کو کافی متاثر کیا۔تنگ دستی ان کے ساتھ رہی اور انہیں کبھی باضابطہ تنخواہ نہیں ملی۔بلاگ میں لکھا ہے کہ ان مصائب اور مشکلات کے باوجود غالب نے اپنی سمجھ بوجھ اور زندگی کے تئیں محبت سے ان حالات کواپنے لائق بنایا۔ ان کی شاعری کو ان کی زندگی میں اتنی مقبولیت نہیں ملی جتنی آج مل رہی ہے ۔مرزا غالب کا پورا نام مرزا ا سداللہ بیگ خاں تھا۔ ان کی پیدائش 27 دسمبر 1797 کو مغل بادشاہ بہادر شاہ کے دور حکومت کے دوران آگرہ کے ایک فوجی خاندان میں ہوئی تھی۔ انہوں نے فارسی ،اردو اور عربی زبان کی تعلیم حاصل کی تھی۔ غالب کا نکاح 13 سال کی عمر میں امرا ؤ بیگم سے ہوا اور نکاح کے بعد ہی دہلی آ گئے اور اپنی پوری زندگی یہیں بسر کی۔15 فروری 1869کو غالب نے آخری سانس لی ۔ انہیں دہلی کے نظام الدین بستی میں سپرد خاک کیا گیا ۔