گوڈسے کو محب وطن قرار دینے والی پرگیہ معذرت خواہی پر مجبور اپوزیشن کیساتھ بی جے پی بھی برہم

بھوپال ؍ نئی دہلی ۔ 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی بھوپال لوک سبھا امیدوار اور مالیگاؤں بم دھماکہ کیس کی ملزمہ پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے آج گاندھی جی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کو محب وطن قرار دیا جس پر اپوزیشن کی طرف سے شدید برہمی ظاہر کی گئی جس میں کانگریس نے الزام عائد کیا کہ شہیدوں کی توہین کرنا بی جے پی کے ڈی این اے میں ہے۔ ویسے بی جے پی نے خود بھی پرگیہ کے ریمارکس کی مذمت کی ہے۔ پرگیہ نے مدھیہ پردیش کے اگر مالوا میں روڈ شو میں شرکت کے دوران گوڈسے کو دیش بھکت قرار دیا اور جو گوڈسے کو انتہاء پسند بتا رہے ہیں انہیں خود کا جائزہ لینا چاہئے۔ پرگیہ دراصل گوڈسے کے بارے میں کمل ہاسن کے ریمارک پر سوال کا جواب دے رہی تھی۔ بی جے پی نے فوری غلط بیان کے ازالہ کی کوشش میں خود کو پرگیہ کے ریمارک سے لاتعلق کرلیا اور اسے کہا کہ سرعام معذرت خواہی کرے چنانچہ پرگیہ نے کہا : ’’میرا ارادہ کسی کو دکھ پہنچانا نہیں تھا ، اگر کسی کو دکھ پہنچا ہے تو میں معذرت خواہ ہوں ‘‘۔