نئی دہلی : ہم نے گوشت کے تاجروں کو یہ عہد دلایا ہے کہ کوئی بھی گائے کی خرید و فروخت نہیں کرے گا ۔او راگر کوئی اس عہد کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کا بائیکاٹ کیا جائے گا ۔نیز حکومت کو یہ بتایا جائیگا کہ تاجر گائے کا نہیں بلکہ بھینس کا کاروبار کرتے ہیں ۔ہم جانتے ہیں کہ ملک میں ایک طبقہ گائے کا احترام کرتا ہے اس لئے ہم پر لازم ہے کہ ہم اپنے ملک کے باشندوں کے مذہبی جذبات کی قدر کریں ۔ان خیالات کا اظہار آل انڈیا جمعیۃ القریش کے صدر سراج الدین نے صحافیو ں سے بات چیت کے دوران کیا ۔
واضح رہے کہ سراج الدین چوتھی مرتبہ جمعیۃ القریش کے صدر منتخب ہو ئے ہیں ۔انہوں نے اپنے منصوبوں کے بارے بتاتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف شہروں میں بیت القریش یا قریشی ہال تعمیر کئے جائیں گے ۔جہاں اجلاس منعقد ہوں گے ۔اس ہال کو کرایہ پر دیتے ہوئے آمدنی کا ذریعہ بھی بنایا جائے گا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قریشی برادری متحد ہے اس کی واضح دلیل یہ ہے کہ میں دو میعاد سے اس عہدہ سے سبکدوش ہونے کی کوشش کررہا ہوں اور میں چاہتا ہو ں کہ یہ ذمہ داری کسی نوجوان کو دی جائے ، لیکن مجھے دستبردار نہیں کیا جارہا ہے ۔
مجھے خوشی ہے کہ میرے نام پر برادری متحد ہے ۔سراج الدین نے مزید کہا کہ اگر تاجر اپنے حدود میں رہ کر کاروبار کرے تو انہیں کام کرنے میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ بھی طے کیا ہیکہ جب کبھی شادیاں کی جائیں گی توسادگی سے کی جائے گی ۔او ربغیر جہیز اور لین دین سے شادی کی جائے گی ۔اور اگر کوئی جہیز کا مطالبہ کرتا ہے تواس کا بائیکاٹ کیا جائے گا ۔