تلنگانہ و آندھرا میں سیاسی سرگرمیوں پر رپورٹ پیش
حیدرآباد 26 اپریل (سیاست نیوز) دونوں تلگو ریاستوں کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن اپنے مقررہ پروگرام کے مطابق 24 اپریل کو دہلی پہونچے اور دہلی میں رات دیر گئے مخصوص مقام پر مشیر قومی سلامتی اجیت دوول اور سیکریٹری وزارت داخلہ سے ملاقات کی اور دونوں ریاستوں کے سیاسی حالات اور آئندہ انتخابات کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ تفصیلات پر مبنی رپورٹس بھی پیش کی ۔ دہلی کے باوثوق ذرائع نے بتایا کہ طئے شدہ پروگرام کے مطابق گورنر نرسمہن 24 اپریل کو دہلی پہنچے اور 25 اپریل کو سہ پہر وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ و وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے والے تھے لیکن 23 اپریل کو وزیراعظم سیکریٹریٹ سے مطلع کیا گیا کہ 25 اپریل کو وزیراعظم اور مرکزی وزیر کی دیگر اہم مصروفیات کے پیش نظر گورنر کی دونوں سے ملاقات ممکن نہیں ہوسکے گی تاہم انہیں اس بات سے بھی مطلع کردیا گیا کہ 24 اپریل کو گورنر کا دورۂ دہلی پروگرام چونکہ طئے شدہ تھا لہذا 24 اپریل کو دہلی پہنچ کر رات میں مسٹر اجیت دوول و سیکریٹری وزارت داخلہ سے ملاقات کریں اور رپورٹ پیش کریں۔ گورنر کے دورۂ دہلی کے پروگرام سے میڈیا کو مطلع کیا گیا تھا لیکن تبدیل شدہ پروگرام کی تفصیل کو راز میں رکھا گیا جس کی وجہ سے اخبارات میں وزیراعظم اور وزیر داخلہ سے ملاقات کے بغیر گورنر کی دہلی سے حیدرآباد واپسی کی اطلاعات شائع ہوئیں۔