گورنر کرناٹک کی آر ایس ایس سے دیرینہ وابستگی

مودی سے قربت کے نتیجہ میں یدی یورپا کی حلف برداری
حیدرآباد ۔ 17 ۔ مئی (سیاست نیوز) کرناٹک میں درکار اکثریت نہ ہونے کے باوجود گورنر کی جانب سے بی ایس یدی یورپا کو تشکیل حکومت کی دعوت پر مختلف گوشوں سے سوال کھڑے کئے جارہے ہیں۔ گورنر وجو بھائی والا نے اپنے کیریئر کا آغاز آر ایس ایس سے کیا اور وہ گجرات میں 1971 ء میں جن سنگھ کے بانیوں میں ہیں۔ سنگھ پریوار سے قربت اور وزیراعظم نریندر مودی سے قریبی تعلقات کے نتیجہ میں وجو بھائی کے اس متنازعہ فیصلہ پر سیاسی حلقوں میں کافی نکتہ چینی کی جارہی ہے ۔ 71 سالہ وجو بھائی والا نے کانگریس اور جنتا دل سیکولر اتحاد کو درکار اکثریت کے حصول کے باوجود یدی یورپا کو تشکیل حکومت کی دعوت دی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یدی یورپا نے اپنی تائیدی ارکان کی جو فہرست گورنر کو پیش کی ، اس میں صرف 104 ارکان کے نام ہیں جو بی جے پی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے ہیں۔ تشکیل حکومت کیلئے 111 ارکان کی ضرورت ہے۔ یدی یورپا نے تائید میں 104 ارکان کی فہرست پیش کی، اس کے باوجود گورنر کی جانب سے انہیں تشکیل حکومت کی دعوت باعث حیرت ہے جبکہ کانگریس اور جنتا دل سیکولر نے 117 ارکان کی فہرست پیش کی جو درکار اکثریت سے 6 ارکان زیادہ ہے۔ گورنر کے اس فیصلہ پر سپریم کورٹ میں سماعت جاری ہے لیکن سیاسی حلقوں میں وجو بھائی والا کے فیصلہ کو مودی سے قربت کا نتیجہ قرار دیا جارہا ہے ۔ سنگھ پریوار سے وابستگی اور نریندر مودی سے قربت کے بعد یدی یورپا کو تشکیل حکومت کی دعوت کے علاوہ کوئی اور راستہ باقی نہیں رہے گا۔ وجو بھائی والا گجرات میں وزیر فینانس اور اسمبلی اسپیکر جیسے اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 18 مرتبہ گجرات کا بجٹ پیش کرنے کا ریکارڈ قائم کیا ۔ وہ گجرات کی راجکوٹ اسمبلی نشست سے مسلسل 7 مرتبہ منتخب ہوئے تھے لیکن جنوری 2002 ء میں انہوں نے یہ نشست نریندر مودی کیلئے خالی کردی اور ضمنی چناؤ میں نریندر مودی پہلی مرتبہ اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے ۔ وجو بھائی اس وقت کیشو بھائی پٹیل کابینہ میں وزیر تھے، بعد میں نریندر مودی نے منی نگر اسمبلی حلقہ کا انتخاب کیا اور وجو بھائی اپنی راجکوٹ نشست پر واپس ہوگئے۔ 2012 ء میں اسمبلی اسپیکر بننے سے قبل وہ فینانس ، ریونیو ، اربن ڈیولپمنٹ ، انرجی اور پٹرو کیمیکلس جیسی اہم وزارتوں کی ذمہ داری سنبھال چکے ہیں۔ 2014 ء میں کرناٹک کے گورنر مقرر کئے جانے سے قبل وہ اسمبلی کے اسپیکر تھے ۔ وجو بھائی والا 57 سال تک آر ایس ایس سے وابستہ رہے اور ایمرجنسی کے دوران انہیں 11 مہینے کی جیل ہوئی تھی ۔ وہ راجکوٹ میں بی جے پی کے پہلے میئر تھے ۔ 1985 ء میں وہ پہلی مرتبہ گجرات اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے اور 1990 ء میں بی جے پی جنتا دل مخلوط حکومت میں وزیر کی حیثیت سے شامل کئے گئے۔ وہ دو میعادوں کیلئے گجرات بی جے پی کے صدر رہ چکے ہیں۔