نوٹ برائے ووٹ اسکام کا نیاموڑ
اے سی بی سربراہ اور ایڈوکیٹ جنرل کی موجودگی میں طویل بات چیت
حیدرآباد 30 اگسٹ (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ چندرشیکھر راؤ نے آج ایڈوکیٹ جنرل اور اے سی بی سربراہ کے ساتھ راج بھون پہونچ کر ملاقات کی۔ ان کی گورنر سے ملاقات سیاسی حلقوں میں موضوع گفتگو بن گئی ہے۔ نوٹ برائے ووٹ اسکینڈل میں چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو سے پوچھ تاچھ کرنے اور مقدمہ درج کرنے کی اجازت طلب کرنے کی افواہیں گشت کررہی ہیں۔ اے سی بی کی خصوصی عدالت نے اے سی بی کو ہدایت دی ہے کہ وہ 29 سپٹمبر تک نوٹ برائے ووٹ اسکینڈل کی تحقیقات کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرے۔ اسمبلی میں جی ایس ٹی بل کی منظوری کے بعد اس کی گورنر کو اطلاع دینے کے لئے چیف منسٹر راج بھون پہونچے۔ ان کے ہمراہ ایڈوکیٹ جنرل رام کرشنا ریڈی اور تلنگانہ اے سی بی کے سربراہ مسٹر اے کے خان بھی موجود تھے۔ چیف منسٹر کے سی آر اور گورنر نرسمہن کے درمیان تقریباً ڈھائی گھنٹے تک بات چیت ہوئی۔ خصوصی عدالت کے احکامات سے نوٹ برائے ووٹ اسکینڈل کا معاملہ پھر ایک بار دونوں تلگو ریاستوں میں موضوع بحث بن گیا ہے۔ اے سی بی عدالت کے احکامات پر اے سی بی کے اعلیٰ عہدیداروں نے اس معاملہ کا آج خصوصی اجلاس طلب کرتے ہوئے جائزہ لیا۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ گورنر نرسمہن نے نوٹ برائے ووٹ اسکینڈل کی تحقیقات میں دستیاب ہونے والے ثبوت اور دوسرے اُمور پر تفصیلی گفتگو کی۔ ساتھ ہی ایڈوکیٹ جنرل سے سیاسی بحران اور قانونی پہلوؤں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔