ٹینک بنڈ میں رات دیر گئے تک وسرجن ، سخت ترین سکیورٹی انتظامات ، ہیلی کاپٹر سے فضائی نگرانی
حیدرآباد ۔ /23 ستمبر (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں مرکزی گنیش وسرجن جلوس کا پرامن طور پر اختتام عمل میں آیا۔ پولیس نے اس موقعہ پر سکیورٹی کے وسیع ترین انتظامات کئے تھے اور 15 ہزار پولیس فورس بشمول ریاپڈ ایکشن فورس کو متعین کیا تھا ۔ پرانے شہر میں بھی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے اور سینئر آئی پی ایس عہدیداروں کی نگرانی میں پولیس بندوبست کیا گیا تھا ۔ جاریہ سال مرکزی گنیش جلوس کا آغاز آج صبح بالاپور سے ہوا تھا جو دوپہر ایک بجے چارمینار سے گزرتا ہوا آج شام حسین ساگر کو پہونچا جبکہ خیریت آباد کے سب میں بڑے 57 فیٹ طویل گنیش کا وسرجن آج دوپہر اختتام کو پہونچا ۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ایم مہندر ریڈی کی راست نگرانی میں گنیش جلوس پر کڑی نظر رکھی گئی اور انہوں نے وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی کے ہمراہ ہیلی کاپٹر کا فضائی دورہ کرتے ہوئے وسرجن کا جائزہ لیا ۔ پولیس نے مرکزی جلوس کے موقع پر کئی جگہوں پر بریگیٹس نصب کرتے ہوئے راستوں کے رخ موڑ دیئے تھے اور جلوس کو دیکھنے کیلئے لاکھوں کی تعداد میں عوام سڑکوں پر دیکھی گئی ۔ آج رات حسین ساگر جھیل میں 4228 گنیش مورتیوں کا وسرجن عمل میں لایا گیا ۔ حسین ساگر جھیل پر گنیش وسرجن کیلئے خصوصی کرینوں کا انتظام کیا گیا تھا اور عصری کرین ہونے کے نتیجہ میں مورتیوں کے وسرجن میں آسانی ہوئی ۔ اس سال گنیش وسرجن کے موقع پر نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو بھی ٹینک بینڈ پہونچ کر وسرجن میں حصہ لیا ۔ اس موقع پر بھاگیہ نگر گنیش اتسو سمیتی کی جانب سے آر ایس ایس کے سرکردہ لیڈر و مسلم راشٹریہ منچ کے بانی اندریش کمار اور ہندو مذہب کے متنازعہ شخصیت پری پورنانندا سوامی کو مدعو کیا گیا تھا ۔ اندریش کمار نے شہر میں چارمینار ، بیگم بازار اور معظم جاہی مارکٹ کے قریب عوام سے خطاب کیا اور کہا کہ عیسائیوں کیلئے ویٹی کین سٹی ، مسلمانوں کیلئے مکہ اور مدینہ مقدس مقامات ہیں اور ہندوؤں کیلئے ہندوستان میں رام مندر کا ہونا ضروری ہے اور اس کی تعمیر کیلئے وہ جدوجہد کریں گے ۔ پری پورنا نندا سوامی جو آج صبح دہلی سے شہر لوٹے تھے نے چارمینار کے قریب اپنے خطاب میں کہا کہ وہ عنقریب ہندو مذہب کے افراد کیلئے ایک بہت بڑی اچھی خبر سنائیں گے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ وہ آئندہ منعقد ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں ۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار مرکزی گنیش جلوس پر سٹی کمانڈ کنٹرول سے نقل و حرکت پر نظر رکھ رہے تھے ۔