گلبرگ سوسائٹی قتل عام کیس، آج فیصلہ کا اعلان متوقع

احمدآباد ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی ایک خصوصی عدالت مابعد گودھرا واقعہ گلبرگ سوسائٹی میں پھوٹ پڑنے والے فرقہ وارانہ فسادات کے مقدمہ میں کل اپنے فیصلے کا اعلان کرے گی۔ ان فسادات میں کانگریس کے ایک رکن پارلیمنٹ احسان جعفری سمیت 69 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ خصوصی عدالت کے جج پی بی دیسائی، 22 ستمبر 2015ء کو ختم شدہ سماعت کے تقریباً آٹھ ماہ بعد کل جمعرات کو اس مقدمہ کے فیصلہ کا اعلان کریں گے۔ اس مقدمہ کی نگرانی کرنے والے سپریم کورٹ نے خصوصی عدالت کو 31 مئی تک اپنے فیصلہ کا اعلان کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ایس آئی ٹی نے اس مقدمہ میں 66 ملزمین کو ماخوذ کیا ہے ۔ گودھرا ریلوے اسٹیشن پر سابرمتی ایکسپریس کی ایس ۔ 6 کوچ کو نذرآتش کئے جانے کے دوسرے دن گلبرگ سوسائٹی میں فرقہ وارانہ فساد پھوٹ پڑا تھا۔ جب اس کوچ میں سوار 58 کارسیوکوں کے ہلاک ہوجانے کی اطلاعات عام ہوئی تھیں۔ اس عدالت نے گذشتہ ہفتہ دو ملزمین نارائن تنک اور بابو راتھوڑ کی درخواستوں کو مسترد کردیا تھا ۔ انہوں نے نارکو تجزیہ اور پالی گراف ٹسٹ کروانے کی درخواست کی تھی۔