گریز سیکٹر پر برف کے دو تودے گرپڑے ‘10فوجی ہلاک

مسلسل برفباری کے نتیجہ میں برف کے تودوں کے کھسکنے کے واقعات ‘وزیر اعظم کا اظہار رنج
سرینگر ۔ 26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر کے گریز سیکٹر پر دو زبردست برف کے تودے گرپڑنے سے کم از کم 10فوجی ہلاک ہوگئے ۔ ایک فوجی عہدیدار نے آج کہا کہ بندی پورہ ضلع کے گریز سیکٹر پر جو خطہ قبضہ سے قریب ہے کل شام دو زبردست برف کے تودے گرپڑنے سے کئی فوجی برف کے تودوں میں پھنس گئے ۔ فوج کے عہدیدار نے کہا کہ بچاؤ کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ‘ 7فوجی بشمول ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر بچالئے گئے ۔ 3فوجیوں کی نعشیں آج صبح ملبہ سے برآمد کی گئیں۔ فوجی عہدیداروں کے بموجب ایک اور برف کا تودا فوج کی طلایہ گرد پارٹی پر کل شام گرپڑا جب کہ یہ پارٹی گریز سیکٹر جارہی تھی ‘ تاحال بچاؤ ٹیموں نے 7نعشیں مقام حادثہ سے برآمد کی ہیں ۔ کل ایک فوجی عہدیدار ہلاک ہوگیا تھا جب کہ وسطی کشمیر کے ضلع گندربل میں سونامرگ کے مقام پر برف کا ایک زبردست تودا گرپڑا تھا ۔ دیگر چار ارکان خاندان ایک اور برف کا تودا گریز سیکٹر گرنے سے کل ہلاک ہوگئے ۔ عہدیداروں نے انتہائی خطرناک برف کے تودے پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری کے بعد وادی کشمیر میں گرنے کا انتباہ دیا تھا ۔ تازہ برفباری وقفہ وقفہ سے گذشتہ تین دن سے جاری تھی ۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب وزیراعظم نریندر مودی نے آج 10فوجیوں کی برف کے دو بھاری تودے وادی کشمیر کے سیکٹر گریز میں گرنے پڑنے سے ہلاک ہونے پر اظہار رنج و غم کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تلاش اور بچاؤ کارروائی تیز رفتاری سے جاری رکھی جائے ۔ وزیراعظم نے اپنے ٹوئیٹر پر اس حادثہ کے بارے میں تحریر کیا ۔ ایک اور برف کا تودا فوجی طلایہ گرد پارٹی پر کل شام گرپڑا تھا ۔