درندہ صفت انسان کے ساتھ رعایت نہیں کی جاسکتی ، سی بی آئی جج کا ریمارک ، ڈیرا چیف رو پڑا ، معافی کا طلبگار
پنجاب و ہریانہ میں سخت چوکسی ،حالات پرامن
روہتک ۔28 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے ڈیرا سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام راحیم سنگھ کو عصمت ریزی کے دو مقدمات میں مجرم پائے جانے کے بعد 20 سال کی سزائے قید بامشقت دی ہے۔ ڈیرا چیف کے وکیل صفائی ایس کے گارگ نروانا نے کہاکہ عصمت ریزی سے متعلق 2002 ء کے دو مختلف مقدمات میں سی بی آئی کے خصوصی جج جگدیپ سنگھ نے فی کس 10 سال کی سزائے قید بامشقت دی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ دونوں سزاؤں پر بیک وقت تعمیل ہوگی چنانچہ کئی وی آئی پی شخصیات ، سیاسی قائدین ، ہالی ووڈس کے بشمول لاکھوں بھکتوں کے گرو رام رحیم سنگھ جو شاہانہ ٹھاٹ باٹ کے ساتھ زندگی گذارنے کیلئے مشہور ہیں اب جیل میں محنت و مشقت شروع کریں گے۔ دونوں مقدمات میں سنگھ کیخلاف فی کس 15 لاکھ روپئے کے جرمانے بھی عائد کئے گئے ہیں۔ یہ رقم ان دو سادھوئیوں کو دی جائے گی جو اس گرو کی بھگت تھیں اور اس کے جنسی استحصال کا شکار ہوئی تھیں۔ جج نے جیسے ہی سزاء کا اعلان کیا گرمیت نے رونا شروع کردیا اور فرش پر بیٹھ گیا ۔ وہ زور زور سے کہنے لگا ’’میں بے گناہ ہوں ‘‘ ۔ بعد ازاں کمانڈوز اُسے عدالت کے باہر لائے۔ جج نے یہ ریمارک کیا کہ جس شخص کے پاس انسانیت نہیں اور جو دوسروں پر رحم نہیں کرتا اُس کے ساتھ کسی طرح کی رعایت برتی نہیں جاسکتی ۔ سی بی آئی جج جگدیپ سنگھ نے سُناریا جیل میں قائم کی گئی خصوصی عدالت میں آج اپنا فیصلہ سنایا ۔ انھوں نے کہاکہ گرمیت کی حرکت کسی درندے کی طرح تھی جس نے خود اپنی خاتون بھگتوں کو بھی نہیں چھوڑا ۔ عدالت نے کہا کہ اُس پر اندھا اعتقاد کرنے والوں پر جنسی حملہ کرتے ہوئے گرمیت نے اعتماد کی انتہائی سنگین خلاف ورزی کی ۔ وکیل صفائی نے مجرم کی سزاء میں کمی کی درخواست کی اور کہاکہ رام رحیم سنگھ سماجی کاموں میں سرگرم رہا ہے اور اس کو صحت کے مسائل بھی ہیں۔ وکیل نے کہاکہ اس سزاء کے خلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جائیگی۔سی بی آئی نے عدالت سے سزاء میں اضافہ پر زور دیا اور کہاکہ اپنے بھگتوں کا جنسی استحصال کرنے والا سخت سزاء کا مستحق ہے۔ اس موقع پر اس ( ڈیرا چیف ) کے حامیوں کے کسی تشدد کے اندیشوں کے تحت ہریانہ اور پنجاب میں سکیورٹی فورسیس نئے سخت چوکسی اختیار کی تھی ۔چیف منسٹر ہریانہ منوہر لال کتھر نے عدالتی فیصلہ سنائے جانے کے بعد خصوصی اجلاس طلب کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا۔ آج سرسہ میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ حکام نے کل کرفیو میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔ سی بی آئی کے خصوصی جج جگدیپ سنگھ نے عدالت میںجیسے ہی سزاء کا اعلان کیا گرمیت روپڑا اور دونوں ہاتھ جوڑکر معافی کی درخواست کررہا تھا۔ خود ساختہ سادھو کی سزاء کے اعلان کے موقع پر کسی تشدد کی فوری طورپر کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ روہتک میں اور بالخصوص جیل کے اطراف سخت ترین سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے ۔ پولیس نے سارے علاقہ کی ناکہ بندی کی تھی اور نیم فوجی فورسیس کی 23 کمپنیاں تعینات کی گئی تھیں۔ جیل کی سمت پہونچنے والے تمام راستے بند کردیئے گئے تھے اور فوج کو تیار رکھا گیا تھا ۔ پنجاب اور ہریانہ میں بدستور سخت ترین چوکسی اختیار کی گئی تھی ۔ عہدیداروں نے صورتحال کو ایک ’’چیلنج ‘‘ قرار دیتے ہوئے وارننگ دی تھی کہ پرتشدد شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مار دی جائے گی ۔