گجرات کے سیول ہاسپٹل میں20 نومولود فوت

تین دن میں ہوئی اموات کی تحقیقات کا حکم ، کانگریس کا وجئے روپانی سے استعفیٰ کا مطالبہ

احمدآباد۔ 29 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے سیول ہاسپٹل میں میں جمعہ کی نصف شب سے اب تک 11 نومولود بچے فوت ہوگئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی حکومت نے موت کی وجوہات کا پتہ چلانے کیلئے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ چیف منسٹر وجئے روپانی نے ہاسپٹل کا دورہ کیا اور کہا کہ اگر کسی کی لاپرواہی یا سہولیات کے فقدان کے سبب یہ اموات ہوئی ہیں تو ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے آج دن میں محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ ریاستی حکومت نے ایک بیان میں بتایا کہ 5 بچوں کو دور دراز مقامات سے یہاں لایا گیا تھا جن کی حالت نازک تھی۔ ان کا تنفسی نظام انتہائی سست تھا اور ان میں مختلف پیچیدگیاں بھی تھیں۔ بعض بچوں کو ایسی بیماریاں بھی لاحق ہوچکی تھیں جن کے بچنے کی امید کم تھی۔ حکومت نے آج ایک بیان میں یہ بات بتائی۔ سیول ہاسپٹل میں ان اموات کے علاوہ 4 بچوں کی دیگر کئی پیچیدگیوں کے سبب موت واقع ہوئی۔ ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ایم ایم پربھاکر نے بتایا کہ کل رات سے اب تک مزید 2 بچوں کی موت واقع ہوئی ہے ، اس طرح جمعہ کی نصف شب سے اب تک 11 نومولود بچے فوت ہوچکے ہیں۔ اس کے ساتھ گزشتہ تین دن میں یہاں جملہ 20 بچوں کی اموات ہوئی ہیں۔پرنسپل سیکریٹری ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیر ڈپارٹمنٹ جینتی روی نے کہا کہ بعض بچوں کی حالت پہلے ہی سے نازک تھی اور انہیں دور دراز کے مقام سے سیول ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا کیونکہ ایسا لگتا ہے کہ وہاں اب بھی ڈاکٹرس دیوالی کی تعطیلات منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔ اس دوران اپوزیشن کانگریس ارکان نے سپرنٹنڈنٹ کے دفتر کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کانگریس لیڈر جئے ویر شیر گل نے سیول ہاسپٹل میں 20 اموات پر چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں شیرخوار بچوں کی اموات کیلئے وزیراعظم نریندر مودی اور صدر بی جے پی امیت شاہ کو بھی جواب دہ بنانا چاہئے۔