گجرات میں گاؤ کشی پر عمر قید کی سزاء

احمدآباد: مجوزہ انتخابات میں ہندووٹ کو راغب کروانے کے مقصد سے گجرات میں بی جے پی حکومت نے جمعہ کے روز’’ گائے‘ ‘ کی حفاظت میں سخت قوانین لایا ہے۔

گجرات اسمبلی میں ترمیم کے ساتھ گائے کی حفاظت میں ایک نیا قانون نافذ کیاگیا ہے جس کے تحت گائے کشی میں ملوث پائے جانے والوں کو عمر قید کی سزاء سنائی جائے گی۔

سال 2011میں جب نریندر مودی گجرات کے چیف منسٹر تھے اس وقت یہاں کی حکومت نے1954کے جانوروں کی حفاظت کے قانون میں ترمیم کے ذریعہ گائے کشی ‘ گائیوں کی حمل نقل اور گوشت کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی تھی۔

اب اس قانون میں دوبارہ ترمیم کے ذریعہ سختی لائی گئی ہے ۔ مذکورہ ایکٹ کے تحت جو لوگ گائے ذبیحہ‘ اور حمل کونقل اور گوشت فروخت کرنے والوں کو 7سال کی سزاء اور 50,000روپئے سے زائد جرمانہ عائد کیاجائے گا۔

اس کے علاوہ جس گاڑی میں جانوروں کی حمل نقل کی جارہی ہے اگر وہ پکڑی جاتی ہے تو چھ ماہ تک گاڑی ضبط کرلی جائے گی۔

کچھ دن قبل چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی نے 21مارچ کو عوام کی کثیرتعداد سے جونا گڑہ میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تھا’’ گائیوں کی حفاظت کے لئے گجرات میں ایک سخت قانون نافذ کرنے کی سپریم کورٹ میں لڑائی لڑ رہے ہیں۔

اب ہم چاہتے ہیں اس قانون کو سخت ترین بنایاجائے جس کے لئے ہم جاریہ بجٹ اجلاس کے دوران گجرات اسمبلی میں اگلے ہفتے ایک بل پیش کریں گے‘‘۔