احمدآباد 27 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے شہر احمدآباد میں موسلا دھار بارش کے بعد ایک سرکاری کالونی کی دو عمارتیں منہدم ہوگئیں جن کے ملبے سے تاحال ایک نعش برآمد کی گئی ہے جبکہ 4 منزلہ عمارت کے ملبہ سے ایک نعش برآمد ہوئی ہے۔ یہ واقعہ علاقہ اودھو میں کل رات پیش آیا۔ بعض لوگوں کو اندیشہ ہے کہ ملبے میں مزید کچھ لوگ پھنسے ہوئے ہوسکتے ہیں۔ 12 گھنٹے کی بچاؤ کارروائی کے بعد ملبے میں سے ایک نعش برآمد کی گئی ہے۔ چار زخمی افراد کو بچاکر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ کئی خاندان تقریباً 20 سال قدیم عمارتوں کے بلاکس میں قیام پذیر تھے لیکن بیشتر افراد نے ہفتے کے دن اپنی رہائش گاہوں کا تخلیہ کردیا تھا جبکہ احمدآباد مجلس بلدیہ کے افراد نے اُن سے تخلیہ کی خواہش کی تھی۔ کوئی بھی لاپتہ نہیں ہوا اِس لئے سمجھا جاتا ہے کہ عمارتیں ناقص حالت میں ہونے کی وجہ سے منہدم ہوئی ہیں۔ دو عمارتیں حکومت کی ہاؤزنگ اسکیم کے تحت 20 سال قبل تعمیر کی گئی تھیں جو کل شب 8 بجے منہدم ہوگئیں۔