داعش کے مشتبہ حامی دو بھائی راجکوٹ اور بھاؤنگر میں گرفتار، بارود اور کمپیوٹرس ضبط
راجکوٹ ۔ /26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) گجرات اے ٹی ایس نے آج کہا کہ آئی ایس آئی ایس (داعش) کے دو مشتبہ دہشت گردوں کو جو آئندہ دو دن کے دوران اس ریاست کے چند مذہبی مقامات پر سلسلہ وار دھماکے کرنے کا مبینہ منصوبہ بنارہے تھے ۔ ریاستی انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے راجکوٹ میں اور بھاؤ نگر میں گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے کہا ہے کہ یہ دونوں جو آپس میں بھائی ہیں سوشیل میڈیا کے ذریعہ سمندر پار سرگرم آئی ایس آئی ایس کارندوں سے رابطے میں تھے ۔ ان کے قبضہ سے بم سازی کا مواد برآمد ہوا ہے ۔ یہ دونوں چھوٹیلا جیسے مذہبی مقامات پر دھماکے کرنے کے منصوبے بنارہے تھے ۔ انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کے کے پٹیل نے کہا کہ ’’واضح خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے گجرات اے ٹی ایس ٹیم نے آئی ایس آئی ایس سے رابطے رکھنے والے دو مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے ‘‘ ۔ پٹیل نے مزید کہا کہ ’’ان دونوں بھائیوں کی وسیم اور نعیم رامودیہ کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے ۔ وسیم کو راجکوٹ اور اس کے بھائی نعیم کو بھاؤنگر میں گرفتار کیا گیا ۔ پٹیل نے کہا کہ ’’وہ بم سازی کے مواد کے ساتھ تیار تھے اور آئندہ دو دن کے دوران مذہبی مقامات پر دھماکے کرنے کے منصوبہ بنارہے تھے ‘‘ ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان گرفتاریوں سے ایک بڑا دہشت گرد حملہ ٹل گیا ہے ۔ ان کے قبضہ سے بارود ، دیسی ساختہ بم ، بیٹری ، شناخت چھپانے کیلئے استعمال کئے جانے والے نقاب کے علاوہ کمپیوٹرس بھی ضبط کئے گئے جن میں قابل اعتراض اور ممنوعہ مواد پایا گیا ۔