گجرات ساحل کے قریب پاکستانی کشتی پکڑی گئی، 9 افرادگرفتار

احمد آباد۔2 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کوسٹ گارڈ ٹیم نے آج گجرات کے ساحل کے نزدیک بحیرہ عرب سے ایک پاکستانی کشتی اور اس میں سوار عملے کے 9ارکان کو حراست میں لے لیا ۔ فوجی ترجمان ونگ کمانڈر ابھیشیک ماتیمان نے بتایا کہ موجودہ حالات میں جبکہ ہندوستانی کوسٹ گارڈ ٹیم کی کشتیاں اور بحریہ کے طیارے گجرات کے سمندر ی علاقوں کی مسلسل نگرانی میں لگے ہیں ،آج صبح 10 بجے کوسٹ گارڈ ٹیم کے جہاز نے اس پاکستانی کشتی کو پکڑلیا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش سے پتہ چل گیا ہے کہ پکڑے گئے تمام پاکستانی ماہی گیر ہیں، تاہم مذکورہ کشتی اور تمام 9 پاکستانی ملاحوں کو مزید پوچھ گچھ کے لئے پوربندر لایا گیا ہے ۔وزیر دفاع نے ایک بیان میں بتایا کہ کوسٹ گارڈ کشتی ’’سمدرا پاوک ‘‘ نے پاکستانی کشتی کو اپنے قبضہ میں لے لیا۔ ابتدائی اطلاعات میں یہ اشارہ ملا کہ یہ تمام ماہی گیر تھے، لیکن پاکستانی کشتی کے بارے میں اندیشے اس لئے ابھر رہے ہیں کہ ہندوستانی فوج نے ایل او سی کے اس پار سرجیکل حملے کئے۔ اس کے بعد پڑوسی ملک کیساتھ زمینی اور سمندری سرحد پر سخت چوکسی اختیار کی گئی ہے۔