ا۔50 سے زائد گاڑیاں نذر آتش ، کیا اب روپانی کو برطرف کیا جائیگا: ہاردک پٹیل
احمد آباد۔24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے سنیما گھروں کے مالکین نے آج کہا کہ گجرات کے کسی بھی ملٹی پلکس تھیٹر میں فلم پدماوت کی نمائش نہیں کریں گے۔ تاوقتیکہ اس فلم کے حوالے سے جاری تنازعہ ختم نہ ہوجائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ رات فلم پدماوت کے خلاف پرتشدد احتجاج کے بعد پولیس نے تاحال 50 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ گجرات ملٹی پلکس اونرس اسوسی ایشن نے کہا کہ ان کا یہ فیصلہ شائقین فلم اور ہماری جائیدادوں کے تحفظ کی خاطر کیا گیا ہے۔ دوسری طرف پٹیل تحفظات تحریک کے روح رواں ہاردک پٹیل نے اس مسئلہ پر بی جے پی کی ریاستی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس پرتشدد احتجاج کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے یہ جاننا چاہا کہ آیا کیا ایک بار پھر روپانی حکومت کو برطرف کردیا جائے گا؟ جیسا کہ پٹیل تحفظات تحریک کے دوران پرتشدد واقعات کے بعد آنندی بین پٹیل کو چیف منسٹر کے عہدے سے ہٹادیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ کرنی سینا کے ارکان فلم پدماوت کے خلاف پرتشدد تحریک جاری رکھے ہوئے ہیں اور گزشتہ رات انہوں نے تھیٹرس کے باہر موجود کم از کم 30 موٹر سائیکلوں کو نذرآتش کردیا تھا۔ اس حوالہ سے کم از کم 15 افراد کو رات میں ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔ جبکہ مزید 35 افراد کو آج ہراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ان لوگوں پر فساد پھیلانے اور عوامی املاک پر حملہ کرنے کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس جے کے بھٹک نے آج کہا کہ پرتشدد احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لیے دو رائونڈ فائرنگ بھی کی گئی ہے۔ ان کے مطابق فی الحال حالات قابو میں ہیں۔ قبل ازیں یہ احتجاجی کینڈل مارچ کرتے ہوئے اسکان مندر کے نزدیک جمع ہوئے تھے اور پھر بعد میں اچانک پرتشدد احتجاج کرتے ہوئے مختلف گاڑیوں کو نذرآتش کرنا شروع کردیا۔