رائے بریلی۔7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر ٹکسٹائل سمرتی ایرانی نے گاندھی خاندان کو ان کے طاقتور انتخابی و سیاسی گڑھ میں ترقی کے فقدان کے لیے آج اپنے سخت تنقیدی حملے کا نشانہ بنایا۔ یو پی اے کے صدر نشین سونیا گاندھی لوک سبھا میں اترپردیش کے حلقہ رائے بریلی کی نمائندگی کرتی ہیں۔ ان کے فرزند اور کانگریس کے صدر راہول گاندھی متصلہ حلقہ امیتھی کی نمائندگی کرتے ہیں جہاں سے 2014ء کے عام انتخابات میں سمرتی ایرانی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سمرتی ایرانی نے الزام عائد کیا کہ یہ دونوں کانگریسی قائدین خود اپنے ہی حلقوں کو ترقی دینے میں ناکام ہوگئے ہیں جہاں ہنوز 70 تا 80 فیصد گھر مٹی سے بنے ہوئے ہیں۔ سمرتی ایرانی نے ماڈرن کوچ فیکٹری کا معائنہ کرنے کے بعد کہا کہ اس علاقہ کے عوام کو اب اس کی ترقی کی کوئی امید نہیں ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ یو پی اے حکومت کی میعاد میں کپور تھلہ سے اس فیکٹری کو ریلوے کوچ لائے گئے جنہیں رائے بریلی یونٹ کی حصولیابی و کامیابی کے طورپر دکھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت میں یہاں 700 کوچس بنائے گئے۔ سمرتی ایرانی نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کے تحت یہاں کی ریلوے کوچ فیکٹری امکانات اور توقعات کی ایک علامت بن گئی ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ نریندر مودی حکومت ملک کے تمام علاقوں بالخصوص مواضعات کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہے۔