گاندھی جی کی 69 ویں برسی قوم نے خراج پیش کیا

نئی دہلی۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) قوم نے آج گاندھی جی کو ان کی 69 ویں برسی یاد کیا جس میں صدرجمہوریہ پرنب مکرجی اور وزیراعظم نریندر مودی نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے میں قیادت کی۔ پرنب مکرجی، نائب صدر حامدانصاری اور مودی نے یہاں گاندھی جی کی یادگار راج گھاٹ پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی اور مرکزی وزیر شہری ترقیات وینکیا نائیڈو بھی ان شخصیتوں میں شامل رہے جنہوں نے بابائے قوم کو راج گھاٹ پر خراج عقیدت پیش کیا، جہاں بین مذہبی دعائیہ اجتماع منعقد کیا گیا۔ گاندھی جی کو 1948ء میں آج ہی کے روز قتل کیا گیا تھا۔ بابائے قوم کو خراج پیش کرنے والے دیگر قائدین میں ویٹرن بی جے پی لیڈر ایل کے اڈوانی اور مرکزی وزیر راؤ اندرجیت سنگھ شامل ہیں۔