رام ناتھ کووند کو دلت کے طور پر پیش کرنے پر اعتراض ، میرا کمار اصل دلت : لالو پرساد
پٹنہ۔ 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے آج دعویٰ کیا کہ مرکز میں بی جے پی زیرقیادت حکومت کے تحت ملک ایمرجنسی صورتحال سے گذر رہا ہے اور کہا کہ ’’2019ء میں میچ کے خاتمہ کیلئے وہ اترپردیش کے اپوزیشن قائدین اکھیلیش یادو اور مایاوتی کو قریب لانے کی مساعی کررہے ہیں۔ بہار کے سابق چیف منسٹر لالو یادو یہاں اپنی پارٹی راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے 21 ویں یوم تاسیس کے ضمن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران آئندہ لوک سبھا انتخابات کا تذکرہ کررہے تھے۔ این ڈی اے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک ’’غیرمعلنہ ایمرجنسی‘‘ صورتحال سے گذر رہا ہے جو (ایمرجنسی) بقول ان کے 1975ء میں اندرا گاندھی کی طرف سے نافذ کردہ ایمرجنسی سے بھی بدتر ہے۔ لالو یادو نے گاؤ رکھشا کے نام پر جاری دہشت گردی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’ملک میں آج جو صورتحال ہے، اس کو دیکھتے ہوئے آنجہانی اندرا گاندھی کے دور کی ایمرجنسی کے دن بھی انتہائی معمولی محسوس ہونے لگے ہیں۔ لالو یادو نے رام ناتھ کووند کو بی جے پی کی طرف سے دلت صدارتی امیدوار کے طور پر پیش کئے جانے پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ ’’گجرات میں کوری (جس ذات سے کووند کا تعلق ہے) دیگر پسماندہ طبقات کے زمرہ میں آتی ہے اور ریاست میں اس کی 18% آبادی ہے چنانچہ مودی نے کثیر تعداد میں ووٹ لینے کیلئے کووند کو نامزد کیا ہے‘‘۔ لالو نے کہا کہ اس کے برخلاف میرا کمار ایک کل ہند دلت طبقہ سے تعلق رکھتی ہیں۔