حیدرآباد 5 اگسٹ ( این ایس ایس ) ایک اور اہم تبدیلی میں ریاستی وزیر آئی ٹی ‘ صنعت و ریاست کے خارجی امور کے ٹی راما راؤ کو متحدہ عرب امارات کے دورہ کی دعوت موصول ہوئی ہے ۔ ایک اعلامیہ کے بموجب یو اے ای کی وزارت خارجہ نے تلنگانہ کے وزیر کو خصوصی دعوت نامہ روانہ کیا ہے ۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زید النیہان نے یو اے ای کے دورہ کیلئے کے ٹی آر کودعوت نامہ روانہ کیا ہے ۔ عبداللہ بن زید النیہان نے خاص طور پر تذکرہ کیا کہ حکومت تلنگانہ نے ان کے دورہ حیدرآباد کے موقع پر ان کی بہترین میزبانی کی تھی ۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے باہمی مسائل کی یکسوئی کیلئے ہر ممکنہ تعاون اور مدد فراہم کریگی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت ریاستی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے ۔ انہوں نے ریاستی وزیر سے کہا کہ وہ باہمی تعلقات کو تعلیم کے شعبہ میں ‘ تجارت اور کاروبار کے شعبہ میں مستحکم کرنے کیلئے عرب امارات کا دورہ کریں۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی خلیجی ملازمین کے تجارتی اور کاروباری مسائل سے یو اے ای کی حکومت کو واقف کروادیا ہے ۔ انہوں نے اس دعوت پر مسرت کا اظہار کیا ۔