کے سی آر کے ہاتھوں جمعہ کو شجرکاری مہم کا افتتاح

تلنگانہ میں 46 کروڑ پودے لگانے کا منصوبہ ، شہر میں 11 جولائی سے مہم
حیدرآباد ۔ 5 ۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 8 جولائی کو نلگنڈہ ضلع میں شجرکاری کے پروگرام ہریتا ہارم کا آغاز کریں گے ۔ 8 جولائی کے دن ہی تمام اضلاع میں وزراء ، ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ ا، ارکان قانون ساز کونسل اور اعلیٰ عہدیدار ان پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ ہر محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے متعلقہ محکمہ جات میں شجرکاری کا پروگرام رکھا جائے گا ۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ حیدرآباد سے وجئے واڑہ جانے والے شاہراہ پر تلنگانہ سرحد تک 165 کیلو میٹر تک سڑک کی دو جانب مختلف اقسام کے پودے لگائیں جائیں گے۔ نلگنڈہ کے افتتاحی پروگرام میں چیف منسٹر چٹیال منڈل میں شجرکاری انجام دیں گے۔ اسی وقت 150 کیلو میٹر کی سڑک پر 85,000 پودے لگائے جائیں گے۔ حیدرآباد کے نواحی علاقوں راموجی فلم سٹی کے قریب عبداللہ پور میٹ سے نلگنڈہ ضلع کے کوداڑ منڈل تک شجرکاری کی جائے گی ۔ اس سڑک کو 14 حصوں میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر حصہ کیلئے ایک عہدیدار کو انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ اس پروگرام میں رضاکارانہ تنظیموں اور طلبہ کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا ۔ حکومت نے اس پروگرام کو عوامی تحریک میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حیدرآباد سے تلنگانہ کی سرحد تک 6 اسمبلی حلقہ جات کے 10 منڈل اور 50 مواضعات میں بڑے پیمانہ پر شجرکاری کی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے اس پروگرام میں عوام کی شمولیت کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ ہر علاقہ میں پودوں کی تقسیم کیلئے خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے جائیں گے ۔ تلنگانہ سے گزرنے والی قومی شاہراہوں پر بھی شجرکاری کی جائے گی ۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مختلف اقسام کے پودے تقسیم کریں۔ چیف منسٹر نے اس پروگرام کے سلسلہ میں عہدیداروں سے مشاورت کی ہے ۔ مسلسل دو ہفتوں تک شجرکاری کا پروگرام جاری رہے گا اور مجموعی طور پر 46 کروڑ پودے لگانے کا منصوبہ ہے اور یہ پودے تقسیم کیلئے تیار ہیں۔ حیدرآباد میں 11 جولائی سے پودوں کی تقسیم کا آغاز کیا جائے گا ۔