چیف منسٹر تلنگانہ پرگتی بھون کا قیدی پرندہ ، سابق ایم پی و ترجمان کل ہند کانگریس مدھو گوڑیشکی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ترجمان آل انڈیا کانگریس کمیٹی و سابق رکن پارلیمنٹ مدھو گوڑ یشکی نے دہلی کی ضرورت نہ ہونے پر وزیراعظم نریندر مودی کی غلام گری کرنے کی وجہ عوام کو بتانے کا چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیا ۔ کے سی آر خاندان کی بدعنوانیوں کے خلاف انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور سی بی آئی سے شکایت کرنے کا اعلان کیا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مدھو گوڑیشکی نے چیف منسٹر کو پرگتی بھون کا قیدی پرندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پرگتی نویدنا سبھا کے ذریعہ چیف منسٹر نے جھوٹ کا پٹارا کھولا ہے گذشتہ ساڑھے 4 سال کے دوران کے سی آر کے ارکان خاندان نے ریاست کو لوٹا ہے ۔ کنٹراکٹرس سے حاصل کردہ کمیشن کو پانی کی طرح بہاتے ہوئے ٹی آر ایس کو طاقتور ثابت کرنے کی کوشش کی ہے ۔ جس میں وہ پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں ۔ جلسہ عام سے دوری اختیار کرتے ہوئے ریاست کے عوام نے ٹی آر ایس قیادت کو مایوس کردیا ہے ۔ مدھو گوڑ یشکی نے کے سی آر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جلسہ عام کے ذریعہ دہلی کی سیاسی جماعتوں کی ضرورت نہ ہونے کا دعویٰ کیا گیا ۔ مگر خود چیف منسٹر دہلی کے بار بار دورے کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کی غلامی کررہے ہیں ۔ اگر کے سی آر بی جے پی پر اثر انداز ہوتے تو وعدے کے مطابق مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات دلاتے تھے لیکن کے سی آر نے مسلمانوں اور قبائلوں سے کئے گئے وعدے کو نظر انداز کردیا ۔ یہاں تک کہ تقسیم آندھرا پردیش میں تلنگانہ کے ساتھ جو وعدے کئے گئے اس کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دی ہے ۔ جس کے نتیجے میں تلنگانہ کے عوام کا اعتماد ٹی آر ایس پر سے اٹھ گیا ہے ۔ کنٹراکٹرس سے 30 فیصد کمیشن حاصل کرتے ہوئے کے سی آر حکمرانی کررہے ہیں ساتھ ہی ہر پراجکٹ میں 10 فیصد کی حصہ داری حاصل کررہے ہیں ۔ کے سی آر خاندان کی بدعنوانیاں اور کمیشن حاصل کرنے کے خلاف وہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور سی بی آئی سے شکایت کر کے اس کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کریں گے ۔ مدھو گوڑ یشکی نے مجاہدین تلنگانہ کو نظر انداز کر کے مخالفین تلنگانہ کو گلے لگانے کا چیف منسٹر پر الزام عائد کیا ۔ مجاہدین کو پیش کی گئی امداد کے مسئلہ پر گن پارک میں مباحث کرنے کا چیف منسٹر کو چیلنج کیا ۔۔