کے سی آر کو ایک اور دھکہ ، تیسرے محاذ کی تائید سے نوین پٹنائیک کا گریز

سیاسی مسائل پر بات چیت کی تردید۔ ممتا بنرجی اورہیمنت سورین کے بعد اڈیشہ کے چیف منسٹر سے بھی مایوسی کا سامنا

حیدرآباد۔/18اپریل، ( سیاست نیوز) بیجو جنتا دل کے صدر اور اڈیشہ کے چیف منسٹرنوین پٹنائیک نے غیر بی جے پی اور غیر کانگریس وفاقی محاذ کے قیام کیلئے تلنگانہ راشٹرا سمیتی ( ٹی آر ایس ) کے سربراہ اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ( کے سی آر ) کی کوششوں کو زبردست دھکہ پہنچاتے ہوئے واضح طور پر کہہ دیا کہ انہوں نے اس قسم کے کسی محاذ کی تائید نہیں کی ہے۔ نوین پٹنائیک نے کہا کہ کے سی آر سے ان کی کوئی سیاسی بات چیت نہیں ہوئی۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر اپنے پروگرام کے مطابق پوری کے لارڈ جگناتھ مندر کے درشن اور دیگر مندروں میں پوجا کیلئے اڈیشہ کا دورہ کریں گے۔اس موقع پر انہوں ( کے سی آر ) نے مجھ سے ملاقات کی خواہش کی تھی جس کو میں قبول کرچکا ہوں۔ اس سے زیادہ اور کچھ نہیں ہے۔ ماضی میں چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی اور سابق چیف منسٹر جھارکھنڈ ہیمنت سورین نے بھی تیسرے وفاقی محاذ کی تشکیل کے مسئلہ پر چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کو جھٹکے دے چکے ہیں۔ 17 اپریل کو چیف منسٹر تلنگانہ کے آفس سے ایک پیغام کو میڈیا تک پہنچایا گیا جس میں بتایا گیا تھا چندر شیکھر راؤ کانگریس اور بی جے پی کے خلاف فیڈرل فرنٹ تشکیل دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ مختلف سیاسی جماعتوں کی تائید حاصل کرنے کیلئے سرگرم ہیں۔ اس سلسلہ کی کڑی کے طور پر چیف منسٹر اڈیشہ پٹنائیک نے چیف منسٹر تلنگانہ کو بات چیت کرنے کیلئے اڈیشہ مدعو کیا ہے۔ تاہم اڈیشہ میں اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔ اجلس کے اختتام کے بعد آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں آنے کی دعوت دینے کی اطلاعات چیف منسٹر آفس سے دی گئی تھی۔ یہ بھی تاثر دیا گیا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کی جانب سے تشکیل دیئے جانے والے فیڈرل فرنٹ کیلئے اس دعوت کو ایک اہم پیشرفت کے طور پر پیش کیا گیا۔ نوین پٹنائیک کی پیشکش سے چیف منسٹر تلنگانہ نے بھی اتفاق کرنے کی بات بتائی گئی تھی۔ مئی کے پہلے ہفتہ میں چیف منسٹر کے سی آر اڈیشہ پہنچ کر چیف منسٹر نوین پٹنائیک سے ملاقات کرنے کے بعدملک کے سیاسی حالات میں نمایاں تبدیلیاں آنے کی بھی پیشن گوئی کی گئی تھی، جس کے دوسرے دن تمام اخبارات میں یہ خبر شائع ہوئی تھی کہ فیڈرل فرنٹ کی تشکیل کیلئے کے سی آر اور نوین پٹنائیک ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے والے ہیں۔ جب اس کی اطلاع چیف منسٹر اڈیشہ کو ملی تو انہوں نے بھونیشور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اس کی تردید کردی۔ نوین پٹنائیک نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر مذہبی مقامات کی یاترا کرنے کیلئے اڈیشہ کا دورہ کرنے والے ہیں۔ انہوں نے مجھ سے ملاقات کی خواہش کی ہے جس کو اخلاقی طور پر وہ قبول کرچکے ہیں۔ تب نہ فیڈرل فرنٹ کے بارے میں کوئی بات چیت ہوئی ہے نہ آئندہ ملاقات میں اس پر یا ملک کی سیاسی صورتحال پر کوئی بات چیت ہوگی۔ چیف منسٹر تلنگانہ آفس کی جانب سے دی گئی اطلاعات کے برعکس ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر اڈیشہ نوین پٹنائیک نے سیاسی حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ اس طرح ماضی میں چیف منسٹر مغربی بنگال و سربراہ ترنمول کانگریس ممتا بنرجی کا چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کو فون موصول ہونے اور فیڈرل فرنٹ کی مکمل تائید کرنے کی چیف منسٹر تلنگانہ آفس سے اطلاع دی تھی۔ لین ٹیلی گراف اخبار میں تحریر کیا گیا کہ ممتا بنرجی نے نہیں بلکہ کے سی آر نے ہی انہیں فون کیا تھا۔ یہی نہیں ممتا بنرجی نے کانگریس کے بغیر تشکیل دیئے جانے والے فرنٹ پر بھروسہ نہ ہونے کا بھی ادعا کیا تھا اس کے علاوہ جھار کھنڈ کے سابق چیف منسٹر ہیمنت سورین کا تلنگانہ کے چیف منسٹر کو فون وصول اور ان کی جانب سے فیڈرل فرنٹ کی تائید کرنے کی بھی چیف منسٹر آفس سے تشہیر کی گئی تھی۔ تاہم اس کے دوسرے دن ہیمنت سورین نے راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے آئندہ انتخابات میں کانگریس سے اتحاد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
چیف منسٹر آفس جھوٹی تشہیر کیوں کررہا ہے یہ اب ہاٹ ٹاپک بن چکا ہے۔