پٹرول وڈیزل قیمتوں میں اضافہ کے خلاف 10 ستمبر کو ’ بھارت بند ‘ ۔ اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد /7 ستمبر ( سیاست نیوز ) صدر پردیش کانگریس اُتم کمار ریڈی نے آئندہ انتخابات کو ’ مقدس جنگ ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے بشمول دوسری اپوزیشن جماعتیں ‘ رضاکارانہ تنظیمیں اور عوام متحدہ طور پر گھمنڈ و تکبر سے چور ڈکٹیٹر شپ رول اور کے سی آر خاندان کے خلاف مقابلہ کریں گے ۔ کانگریس کے ہنگامی اجلاس کے بعد میڈیا سے خطاب میں اس لڑائی میں تلگودیشم ، ایمپلایئز یونین ، خواتین گروپس اور طلبہ تنظیموں کو شامل ہوجانے کا مشورہ دیا ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف 10 ستمبر کو بند منانے کا فیصلہ کیا ۔ 11 تا 18 ستمبر کانگریس پرچم تہوار منانے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کے سی آر کی جانب سے راہول گاندھی کے خلاف نازیبا ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے کارگذار چیف منسٹر کو دھوکہ باز قرار دیا اور کہا کہ کے سی آر اپنی اوقات سے اونچا ہوکر بات کر رہے ہیں ۔ پاسپورٹ بروکر سے زندگی کا آغاز کرنے والے کے سی آر کو گاندھی خاندان کے بارے میں بات کرنے کا حق نہیں ہے ۔ کے سی آر کی قیادت کے دوران تلنگانہ میں شیطانی راج چلا رہے ۔ کے سی آر اور ٹی آر ایس کو شکست دینے کی لڑائی میں سب کو متحد ہوجانے کی اپیل کی ۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ پٹرول و ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف کانگریس نے 10 ستمبر کو بھارت بند منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تلنگانہ میں مکمل اور کامیاب بند منانے کی پارٹی کارکنوں اور عوام سے اپیل کی ۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست کی فہرست رائے دہندگان میں بے قاعدگیاں ہوئی ہیں 2014 کا جائزہ لیں تو 21 لاکھ ووٹوں کو فہرست سے خارج کردیا گیا ہے ۔ فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی پر خصوصی توجہ دینے کی پارٹی کیڈر کو ہدایت دی ۔ 11 تا 18 ستمبر تک کانگریس جھنڈا تہوار کا اعلان کرتے ہوئے کانگریس کارکنوں کو گھر پر پرچم لہرانے پر زور دیا ۔ سابق وزیر ڈی کے سمر سمہا ریڈی کے علاوہ ہائی کورٹ وکیل جی مدھو سدھن ریڈی سابق رکن اسمبلی پرشوتم راؤ کے فرزند ہریش راؤ ، زیڈ پی ٹی سی ارکان کرانتی انجینیلو ، لکشمی پربھاکر خانہ پور اسمبلی حلقہ کے ٹی ار ایس قائد چارو لتا راٹھور اور ان کے حامیوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ۔ اُتم کمار ریڈی اے آئی سی سی انچارج سکریٹری آر سی کنٹیا ، قائد اپوزیشن کونسل محمد علی شبیر رکن اسمبلی ڈی کے ارونا اور دوسروں نے ان کا خیرمقدم کیا ۔