کے سی آر کا یوم آزادی خطاب ،نئی اسکیمات کا اعلان متوقع

انتخابی تیاریوں کی حکمت عملی، حکومت کے کارناموں پر فلموں کی تیاری

حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہوچکے ہیں ۔ 15 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر چیف منسٹر کا خطاب انتخابی تیاریوں کا واضح طور پر اشارہ رہے گا۔ چیف منسٹر کے خطاب میں کئی نئی اسکیمات کا اعلان متوقع ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر نے 15 اگست کو اپنی تقریر میں نئی اسکیمات کی شمولیت کے سلسلہ میں بااعتماد رفقاء اور عہدیداروں سے مشاورت کا آغاز کردیا ہے۔ وہ جاریہ اسکیمات کے علاوہ بعض ایسی اسکیمات کے آغاز کا منصوبہ رکھتے ہیں جس سے انتخابات میں راست طور پر فائدہ ہوسکے۔ چیف منسٹر کی تیاریوں کو دیکھتے ہوئے اندازہ ہوتا ہے کہ اگست کا مہینہ تلنگانہ میں زبردست سیاسی سرگرمیوں کا گواہ بن سکتا ہے ۔ چیف منسٹر کے اعلانات کے علاوہ اسمبلی حلقوں کی سطح پر پارٹی کو مستحکم کرنے کے لئے مہم چلائی جائے گی ۔ حکومت کی اسکیمات کے فوائد عوام تک پہنچانے کیلئے قائدین اور عوامی نمائندوں کو متحرک کیا جاسکتا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر تمام طبقات کے فائدے سے متعلق بعض نئی اسکیمات کا 15 اگست کو اعلان کرسکتے ہیں۔ حکومت 15 اگست کو ریاستی سطح پر عوام کے آنکھوں کے معائنہ کی اسکیم ’’کنٹی ویلوگو‘‘ کا آغاز کر رہی ہے۔ اس اسکیم کے تحت نہ صرف آنکھوں کا مفت معائنہ کیا جائے گا بلکہ عینک بھی مفت فراہم کی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے اس اسکیم کی بڑے پیمانہ پر تشہیر کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ دوسری طرف کے سی آر حکومت کے کارناموں اور وعدوں کی تکمیل کی تشہیر کیلئے دو درجن سے زائد ڈاکیومنٹریز اور ایک درجن چھوٹی فلمیں تیار کی گئی ہیں۔ ہر ضلع میں ڈاکیومنٹری فلموں اور شارٹ فلموں کی نمائش کی جائے گی ۔ توقع ہے کہ 15 اگست کو ان کی ریلیز عمل میں آئے گی ۔ اپوزیشن کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے چیف منسٹر عاجلانہ انتخابات کے حق میں دکھائی دے رہے ہیں اور اسی مقصد سے وہ نئی اسکیمات کے اعلان کے خواہاں ہیں۔ پارٹی کے ایک سینئر قائد نے کہا کہ عاجلانہ انتخابات کا فیصلہ کیا جائے یا نہیں اس بارے میں اگست کے بعد منظر واضح ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت انتخابات کے سال میں اپنی سرگرمیوں کو تیز کردیتی ہے اور حکومت نئی اسکیمات کے ذریعہ عوام کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ ٹی آر ایس بھی دیگر ریاستوں کی برسر اقتدار پارٹیوں کی طرح انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہوچکی ہیں۔ اسی دوران کانگریس پارٹی نے اے آئی سی سی صدر راہول گاندھی کے دورہ تلنگانہ کے ذریعہ انتخابی مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ راہول گاندھی توقع ہے کہ اگست میں حیدرآباد میں دو جلسوں سے خطاب کریں گے ۔ کانگریس نے حکومت کی ناکامیوں کو آشکار کرنے کیلئے بڑے پیمانہ پر تشہیر مہم کی تیاری کرلی ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی بھی انتخابی تیاریوں میں کسی سے پیچھے نہیں۔ پا رٹی کے قومی صدر امیت شاہ نے اپنے حالیہ دورہ حیدرآباد کے موقع پر قائدین اور کیڈر کو متحرک ہوجانے کی ہدایت دی۔ الغرض اگست کا مہینہ مختلف سیاسی جماعتوں کے لئے اہم سرگرمیوں کا وقت ثابت ہوگا۔