کانگریس کے قائد و سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 8 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے قائد سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی نے کے سی آر کو ’’نشہ خور‘‘ چیف منسٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو تنقید کا نشانہ بننے کیلئے ایک پیک زیادہ پینے کا الزام عائد کیا ہے۔ ایسا چیف منسٹر رہنا تلنگانہ عوام کی بدبختی ہے۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر جی نرنجن اور شیام موہن کے علاوہ کانگریس کے دیگر قائدین موجود تھے۔ ایم ششی دھر ریڈی نے کہا کہ کے سی آر الیکشن کمیشن سے سازباز کرتے ہوئے قبل از وقت انتخابات کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کو دباؤ میں آ کر کام کرنے کے بجائے غیرجانبدار ہوکر کام کرنے کا مشورہ دیا۔ الیکشن کمیشن بھی اپنے دائرہ کار میں رہے حدود پار کرنے کی کوشش نہ کریں۔ سپریم کورٹ نے فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کئے بغیر الیکشن کرانے کی کہیں بھی رولنگ نہیں دی۔ دستورہند کے آرٹیکل 324 میں ووٹرلسٹ پر نظرثانی کو کافی اہمیت دی گئی ہے۔ اس کی خلاف ورزی کرنے کا الیکشن کمیشن کو اختیار نہیں ہے۔ انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ کرانے کیلئے الیکشن کمیشن کو غیرجانبدار رہنا چاہئے۔