ٹی آر ایس کی شکست کے لیے تمام منڈلوں میں انتخابی مہم چلانے کا اعلان
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : فلم اسٹار سے سیاستداں بن جانے والی وجئے شانتی نے کانگریس کی گردن دبوچ کر علحدہ تلنگانہ ریاست حاصل کرنے کارگذار چیف منسٹر کے سی آر کے دعوؤں کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے سونیا گاندھی کے قدموں میں گر کر ٹی آر ایس کو کانگریس میں ضم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست حاصل کرنے کا الزام عائد کیا ۔ ٹی آر ایس کو شکست دینے کے لیے تلنگانہ کے تمام منڈلوں میں انتخابی مہم چلانے کا اعلان کیا ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وجئے شانتی نے کہا کہ عوام کو دھوکہ دینے کے عادی رہنے والے کے سی آر نے سونیا گاندھی کو بھی دھوکہ دیا ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ٹی آر ایس کو کانگریس میں ضم نہیں کیا گیا اور انہیں ٹی آر ایس سے کیوں معطل کیا گیا اس کی آج تک بھی وضاحت نہیں کی گئی ۔ وجئے شانتی نے کہا کہ وہ فلمی دنیا چھوڑ کر سیاسی پارٹی تشکیل دیتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تحریک چلا رہی تھی ۔ اس وقت کے سی آر نے انہیں اپنی بہن قرار دیا تھا اور انہیں اپنی پارٹی کو ٹی آر ایس میں ضم کرنے کی ترغیب دی تھی ۔ لیکن ٹی آر ایس میں ان کی موجودگی کے سی آر کو کھٹک رہی تھی ۔ میری پارٹی میں موجودگی سے اپنی دختر کویتا اور فرزند کے ٹی آر کی سیاسی اہمیت گھٹ جانے کے خوف سے انہیں ٹی آر ایس سے معطل کیا گیا ۔ آئندہ انتخابات میں مقابلہ کرنے سے انکار کرنے والی وجئے شانتی نے کانگریس کی کامیابی کے لیے انتخابی مہم چلانے کا اعلان کیا اور کہا کہ گاندھی بھون میں منعقدہ انتخابی مہم کمیٹی کے پہلے اجلاس میں انتخابی مہم چلانے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا ۔ دوسرے اجلاس کے بعد انتخابی مہم کی منصوبہ بندی سے واقف کرانے کا اعلان کیا ۔ وجئے شانتی نے 2014 کے انتخابات میں انہیں چند طاقتوں کی جانب سے شکست دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں جیت ہار لگی رہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کے دوران ان کی صحت بہت زیادہ متاثر ہوئی تھی ۔ ان کی ایک سرجری بھی ہوئی ہے ۔ صحت مند ہونے کے لیے انہیں دو سال لگ گئے ۔ اب وہ پوری طرح فٹ ہیں اور ریاست میں کانگریس کی انتخابی مہم چلانے کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔ وجئے شانتی نے کہا کہ کے سی آر نے انتخابات کے دوران جو وعدے کئے تھے ان وعدوں میں ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کیا ۔ کانگریس پارٹی انہیں وعدوں کو ہتھیار بناکر عوام کے درمیان پہونچے گی ۔۔