ہماری کوشش کو سیاسی نظرسے نہ دیکھیں، ہم تھرڈ فرنٹ یا فورتھ فرنٹ تشکیل نہیں دے رہے ہیں
حیدرآباد۔/2مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے ملک میں تبدیلی کیلئے کی جانے والی کوشش کو سیاسی نظر سے نہ دیکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم کسی کو وزیر اعظم کے طور پر پیش نہیں کررہے ہیں اور نہ ہی 2019 کے انتخابات کی تیاریاں کررہے ہیں بلکہ ترقی پسند فکر کی حامل جماعتوں پر مشتمل ایک منچ تیار کررہے ہیں، ایک دو ماہ میں ایجنڈہ عوام کے سامنے پیش کردیا جائیگا، سابق چیف منسٹر اُتر پردیش اکھلیش یادو نے ہماری پہل کی تائید کی ہے۔ آج پرگتی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر صدر سماج وادی پارٹی اکھلیش یادو ، ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشوراؤ ، ریاستی وزراء کے ٹی آر، سرینواس یادو کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ہم تھرڈ فرنٹ یا فورتھ فرنٹ تشکیل نہیں دے رہے ہیں ، میڈیا میں ہماری کوششوں کو فرنٹ کا جو نام دیا جارہا ہے وہ بے بنیاد ہے بلکہ ملک پر 70 سال حکمرانی کرنے والی جماعتوں کے خلاف ہم خیال اور ترقی پسند فکر کی حامل جماعتوں پر مشتمل ایک منچ تیار کررہے ہیں اور اس کے خدو خال اور ایجنڈہ دوسری جماعتوں سے تبادلہ خیال کے بعد ایک دو ماہ میں عوام کے سامنے پیش کردیا جائیگا۔ مرکز میں معیاری تبدیلی کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوششوں کو سیاسی نظر سے نہ دیکھیں بلکہ ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کی جانے والی تبدیلی کی نظر سے دیکھیں ، ہم عوام کو جوڑنے کی کوشش کررہے ہیں اورپلک جھپکتے ہی کامیابی حاصل ہوجانے کی بھی توقع نہیں کررہے ہیں یہ ہمارے لئے بہت بڑاٹاسک ہے ، ہم تبدیلی چاہتے ہیں اب تک جتنی بھی جماعتوں کے قائدین سے مذاکرات ہوئے ہیں سب نے ہماری کوششوں کی تائید کی ہے۔ ملک کی موجودہ صورتحال پر عوام مطمئن نہیں ہیں، معاشی طور پر ہندوستان کافی مستحکم ہے لیکن ملک پر حکمرانی کرنے والی جماعتیں ملک کو ترقی دینے عوام کی فلاح و بہبود اور زرعی شعبہ کی ترقی ، سمندر میں ضائع ہونے والے پانی کا صحیح استعمال کرنے میں ناکام ہیں۔ اقلیتیں اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کررہے ہیں ۔ دلت طبقات اور کسان خوشحال نہیں ہیں۔ سماج کے تمام طبقات تبدیلی چاہتے ہی، ہم موجودہ حالات اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد تبدیلی لانے کا عزم کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ سابق چیف منسٹر اُتر پردیش سے کئی مرتبہ ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی ہے اور آج مزید تفصیلی بات چیت کیلئے وہ خود حیدرآباد پہنچے ہیں ، ان کی کوششوں کو کسی فرنٹ کا نام نہ دیا جائے۔ یہ ملک کے عوام اور کسانوں کو جوڑنے کی ایک کوشش ہے۔ توقع کے مطابق ملک میں معاشی ترقی نہیں ہوئی۔ چین نے معاشی طور پر زبردست چھلانگ لگائی ہے اور دنیا کی سب سے بڑی دوسری معیشت بن گیا ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے ان کی تجویز سے اتفاق کرنے والے سابق چیف منسٹر اُتر پردیش سے اظہار تشکر کیا ہے۔ صدر سماج وادی پارٹی و سابق چیف منسٹر اُتر پردیش اکھلیش یادو نے حکومت تلنگانہ کی چند اسکیمات بالخصوص گھروں میں نلوں تک اور کھیتوں تک پانی پہنچانے کے اقدامات کی ستائش کی اور کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ نے کئی نئی اسکیمات متعارف کراتے ہوئے ایک طرف ریاست کو ترقی دی ہے تو دوسری طرف عوام ک دل بھی جیتا ہے، ایک قائد اور چیف منسٹر کیلئے ضروری ہے کہ اس پر عوام کا اعتماد برقرار رہے۔ بی جے پی کو صرف علاقائی جماعتیں ہی شکست دے سکتی ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے صرف وعدے کئے ہیں کوئی عمل نہیں کیا۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے ساتھ کئی اُمور پر تبادلہ خیال ہوا ہے یہ کوئی سیاسی منچ نہیں ہے بلکہ ترقی پسند فکر کے حامل جماعتوں کا منچ ہے۔ جو قائدین ملاقات کررہے ہیں انہوں نے اپنی اپنی ریاستوں میں کچھ نہ کچھ کام کیا ہے اور انہیں ایک نیا راستہ کھلتا دکھائی دے رہا ہے۔