کے سی آر سے آر پار کی جنگ ‘اوچھی حرکتوں سے خوفزدہ نہیں ہوں : ریونت ریڈی

9 ماہ قبل انتخابات کے ذریعہ کے سی آر نے سیاسی خود کشی کرلی ۔ رہائی کے بعد ورکنگ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کا بیان
حیدرآباد 4 ڈسمبر (سیاست نیوز) پولیس حراست سے رہائی کے بعد کانگریس کے شعلہ بیان مقرر ریونت ریڈی نے کارگذار چیف منسٹر کے سی آر سے آر پار کی جنگ کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ 9 ماہ قبل اسمبلی انتخابات کراتے ہوئے کے سی آر نے سیاسی خودکشی کرلی ہے۔ 11 ڈسمبر کو ان کی ارتھی اُٹھائی جائے گی۔ واضح رہے کہ کل نصف شب پولیس کی بھاری جمعیت ان کی قیامگاہ واقع کوڑنگل میں زبردستی داخل ہوتے ہوئے نیند سے بیدار کرتے ہوئے ریونت ریڈی کو گرفتار کیا اور نامعلوم مقام پر انھیں منتقل کردیا تھا جس کی اطلاع سارے تلنگانہ میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی، تلگودیشم کے قومی صدر و چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو، سی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی، تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام، صدر تلنگانہ پردیش کاانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کے بشمول دوسری جماعتوں نے پولیس کے اس اقدام کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الیکشن کمیشن پر جانبدارانہ رویہ اپنانے کا الزام عائد کیا۔ ریونت ریڈی کی شریک حیات نے ان کے شوہر کی گرفتاری کے خلاف اسمبلی حلقہ کوڑنگل کے ریٹرننگ آفیسر سے تحریری طور پر شکایت کی اور ہائیکورٹ میں بھی درخواست داخل کی گئی جس پر ہائیکورٹ نے بھی حکومت پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ ہائیکورٹ کی پھٹکار ملنے کے بعد چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار نے ڈی جی پی مہیندرا ریڈی کو ہدایت دی کہ وہ ریونت ریڈی کو رہا کردیں۔

رجت کمار نے کہاکہ کارگذار چیف منسٹر کے آج کوڑنگل میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی ریونت ریڈی نے کوشش کی تھی اور بند کا بھی اعلان کیا تھا۔ مقامی ٹی آر ایس قائدین کی شکایت پر سنٹرل الیکشن کمیشن سے رائے حاصل کرنے کے بعد لاء اینڈ آرڈر کو برقرار رکھنے کے لئے احتیاطی طور پر ریونت ریڈی کو حراست میں لیا گیا ہے۔ کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی نے ریونت ریڈی کو گرفتار کرنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انھیں گرفتار کرتے ہوئے ٹی آر ایس عوام میں پائی جانے والی تبدیلی کی لہر کا رُح ہرگز موڑ نہیں سکتی۔ تلگودیشم کے قومی صدر و چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو نے رات کے اندھیرے میں بیڈروم کا دروازہ توڑتے ہوئے ریونت ریڈی کو گرفتار کرنے کی سخت مذمت کی اور کہاکہ بہت جلد تلنگانہ میں کے سی آر کی آمرانہ حکومت کا خاتمہ ہوگا۔ پولیس حراست سے رہائی کے بعد اپنی قیامگاہ پہونچ کر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسڈنٹ ریونت ریڈی نے سربراہ ٹی آر ایس و کارگذار چیف منسٹر کے سی آر سے آر پار کی جنگ لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان اوچھی حرکتوں سے ڈرنے گھبرانے والے نہیں ہیں اور نہ ہی ان کے حوصلے پست ہوئے بلکہ وہ پہلے سے زیادہ کے سی آر اور ان کے ارکان خاندان کے خلاف مقابلہ کریں گے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ 9 ماہ قبل اسمبلی تحلیل کرتے ہوئے کے سی آر نے سیاسی خودکشی کی ہے۔ 11 ڈسمبر کو ان کی ارتھی اُٹھائی جائے گی۔ عوامی حقوق کے لئے آواز اُٹھانے پر ٹی آر ایس حکومت اور کے سی آر کا خاندان ان سے سیاسی انتقام لے رہا ہے۔ تلنگانہ میں اپوزیشن کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ عوام کو ڈرا دھمکاکر کامیاب ہونے کا کے سی آر جو خواب دیکھ رہے ہیں وہ کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا وہ عوام کے آشیرواد سے دوبارہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔