کے سی آر ریاست میں آمرانہ حکومت کے خواہاں

نگرانکار چیف منسٹر مابعد شکست کے حالات پر متفکر ۔ کودنڈا رام کا بیان
حیدرآباد7 اکتوبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ صدر ٹی آر ایس چندر شیکھر راؤ کو یہ تشویش لاحق ہوچکی ہے کہ انتخابات کے بعد دوبارہ برسراقتدار نہ آنے پر انکا حشر کیا ہوگا۔ کودنڈا رام نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ چیف منسٹر عہدہ پر فائز رہتے ہوئے کے سی آڑ عہدے سے گری ہوئی باتیں کررہے ہیں جو خود کی توہین کے مترادف ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر کے رویہ پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر تلنگانہ میں آمرانہ حکمرانی چاہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ دیگر جماعتوں کے قائدین کے خلاف نچلی سطح کی باتیں کررہے ہیں لہذا اس سطح کی شخصیت کو چیف منسٹر عہدہ سے ہٹانے ریاست میں عظیم اتحاد قائم کیا جارہا ہے۔ کودنڈا رام نے کہا کہ عوامی توقعات کے مطابق حاصل کردہ علیحدہ تلنگانہ کو آمرانہ حکومت سے آزاد کروانے متحدہ جدوجہد کریں گے۔ آنے والے دن ہمارے رہیں گے۔ یہ بات کسی غرور سے نہیں کی جارہی ہے بلکہ تلنگانہ عوام سے ملنے والے ردعمل کی بنیاد پر ہی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کامیابی کیلئے دیگر جماعتوں سے انتخابی مفاہمت کی جارہی ہے۔ اب تک مختلف پارٹیوں کے ساتھ تبادلہ خیال ہوچکا ہے۔ تمام مسائل کی یکسوئی کرکے نشستوں کی تقسیم پر جلد فیصلہ ممکن ہے۔ نشستوں کو قطعیت دیئے جانے کے بعد انتخابی مہم میں تیزی پیدا کی جائیگی۔ مختلف جماعتوں پر مشتمل عظیم اتحاد میں ذاتی مفادات کے مقابل عوامی توقعات کو ترجیح دی جائیگی۔ دیگر جماعتیں عظیم اتحاد کا پورا ساتھ دینے کی توقع ہے۔