کیمرون میں 78اسکولی بچوں کا اغوا

یااولینڈڈے ، 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شمال مغربی کیمرون میں مسلح علیحدگی پسند گروپ کے شدت پسندوں نے ایک اسکول سے کم از کم 78 بچوں اور تین دوسرے لوگوں کو اغوا کر لیا ۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اس گروپ نے مغویہ بچوں کی ایک ویڈیو جاری کیا ہے ، جس سے پتہ چلتا ہے کہ ان بچوں کو شاید ایک چھوٹے سے کمرے میں رکھا گیا ہے . علاقائی گورنر ‘ایڈولفے لیلے ایل افریقے ‘ نے علیحدگی پسند گروپ ملیشیا پر بچوں کے اغوا کرنے کا الزام لگایا ہے ۔ مغربی اور وسطی افریقہ کے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی علاقائی ڈپٹی ڈائرکٹر سمیرا داؤد نے حالیہ اغوا کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اغوا کے واقعہ سے پتہ چلتا ہے کہ اینگلوفون علاقے میں تشدد بڑھنے کی قیمت عام لوگ کس طرح سے ادا کررہے ہیں۔ اسکول کے بچوں اور اساتذہ کے اغوا کو کبھی بھی جائز نہیں ٹھہرایا جا سکتا ۔جس نے بھی ان کا اغوا کیا ہے اسے متاثرین کو فوری طور پر رہا کر دینا چاہئے ۔ ہم ان بچوں کے گھر والوں کے ساتھ ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ کیمرون کے افسران اپنی طاقت کے مطابق سب کچھ کریں تاکہ تمام طلبا اور اسکول کے عملے کی رہائی کو یقینی بنایا جا سکے ۔