کیلیفورنیا میں سیلاب اور زمین کھسکنے سے 13 افراد ہلاک

لاس اینجلس، 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنوبی علاقے میں زبردست بارش کی وجہ سے آئے سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم 13 لوگوں کی موت ہو گئی ہے ۔سانتا باربارا کاؤنٹی کے فائر بریگیڈ کی ایک ترجمان امبر اینڈرسن نے کہا کہ کاؤنٹی اور شمالی لاس اینجلس میں کل ہوئی شدیدبارش کی وجہ سے ہزاروں لوگوں کو اپنے مکانات کو چھوڑ کر محفوظ مقام پر جانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی سروس کے ملازمین ، ڈاگ اسکواڈ اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے امدادی کام میں مصروف ہیں۔ بہت سے لوگوں کے ملبے میں دبے ہونے کااندیشہ ہے ۔سانتا باربارا کاؤنٹی کے افسر بل براؤن نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ زمین کھسکنے کے واقعات نے اپنی زد میں رہائشی علاقوں کوبھی لے لیا ہے اور مکانوں کے اوپر ملبے کی موٹی پرت جمع ہو گئی ہے ۔