کیرالہ کے ماہی گیروں کو ان کی بہادری کے لیے نوبل انعام ملنا چاہیے: وزیر ششی تھرور

تروواننت پورم: کانگریس رکن پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیر ششی تھرور نے کیرالہ میں گزشتہ سال آنے والے تباہ کن سیلاب کے دوران امدادی راحت رسانی کے کاموں میں متعدد لوگوں کی جان بچانے کے لئے کیرالہ کے ماہی گیروں کو نوبل امن انعام دئے جانے کی سفارش کی ہے۔ کانگریس لیڈر نے ناروے کی نوبل کمیٹی کے چیئرمین کو اس سلسلے میں ایک مکتوب لکھا ہے۔ اس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’جس وقت وہ سانحہ اپنی انتہائی حد پر تھا اس وقت ریاست کے کئی ماہی گیروں کے تنظیموں سے وابستہ لوگوں نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے ریلیف اور راحت کاموں میں حصہ لے کر بہت سے مقامی باشندوں کو بچایا‘‘۔

ششنی تھرور نے خط میں لکھا ہے کہ ’’ان ماہی گیروں نے اپنی کشتیوں کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لے جا کر اپنے تجربات اور مقامی حالات کی بنیاد پر کئی مقامی لوگوں کو بچا لیا اور ان کی محنت سے سینکڑوں لوگوں کو زندگی ملی ۔ ماہی گیر ملک کے مختلف حصوں میں اقتصادی اور سماجی طور پر پسماندہ حصوں کی نمائندگی کرتے ہیں اور کیرالہ کے ماہی گیروں بھی اسی حالت میں رہ رہے ہیں ‘‘۔ انھوں نے کہا کہ کیرالہ کے ماہی گیروں کے تمام جرأت کی تعریف کی جانی چاہئےکیونکہ ان کی وجہ سے بہت سے افراد کو زندگی ملی ہے۔