مجلس اور اب ہندو مہا سبھا ٹی آر ایس کو کامیاب بنانے میں مصروف
کے سی آر ہندو سناتن دھرم کے محافظ ‘ کروڑوں روپئے سے ہندو کلچر اور منادر کی رکھشا کرنے والے شخص
نئی دہلی 10 ستمبر( این ایس ایس ) اکھل بھارت ہندو مہاسبھا نے تلنگانہ ریاست کے اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس پارٹی اور کارگذار چیف منسٹر کے چندر شیکرھ راؤ کی مکمل تائید و حمایت کا عہد کیا ہے ۔ ایک بیان جاری کرتے ہوئے اکھل بھارت ہند مہا سبھا کے قومی صدر شری رامانوجا ورتا دھارا جئیر سوامی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس نئی ریاست کی عنان اقتدار سنبھالنے کے بعد ریاست میں سنجیدگی سے ہندو سناتن دھرم کی حفاظت کیلئے سخت جدوجہد کر رہے ہیں ۔ وہ اس معاملہ میںسارے ملک کیلئے نمونہ بن رہے ہیں۔ ایک سکیولر ملک میں دستوری عہدہ پر فائز رہنے کے باوجود کے چندر شیکھ رراؤ نے حوصلہ مندی سے کام کیا ہے اور انہوں نے عالمی امن اور انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے ایوتھا چنڈی یاگم کا اہتمام بھی کیا تھا ۔ اس کی مثال پورے ملک میں نہیں مل سکتی ۔ اس کے نتیجہ میں وہ سارے ملک کے عوام کی توجہ اپنی جانب مبذول کروانے میں کامیاب رہے ہیں۔ شری رامانوجا ورتا دھارا جئیر سوامی نے واضح کیا کہ چندر شیکھر راؤ 1000 کروڑ روپئے کے صرفہ سے نہ صرف بھونگیر کی یادادری مندر کی تزئین نو کروا رہے ہیں بلکہ وہ بھدرا چلم ‘ ویمولا واڑہ شری راجا راجیشور سوامی ‘ بسارا سرسوتی اور دوسری کئی قدیم منادر کو سینکڑوں کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے نئی طرز دینے میں بھی مصروف ہیں۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر دھوپا ‘ دیپا نئیویدیم اسکیم کے تحت زائد از 3000 مندروں کو ماہانہ 6,000 روپئے فراہم کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ہندو کلچر کو فروغ دینے کیلئے مذہبی پروگراموں کیلئے بھی فنڈز فراہم کر رہے ہیں۔ سوامی نے مزید کہا کہ چندر شیکھر راؤ ہندو پجاریوں ‘ سوامی سنتوں سے ہندو کلچر کو فروغ دینے اور روایات کو بحال رکھنے کیلئے نہ صرف ان سے مشورہ لے رہے ہیں بلکہ ان کی عزت افزائی بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ان تہواروںکیلئے درکار فنڈز فراہم کر رہے ہیں اور کچھ تہواروں کو سرکاری سطح پر بھی منایا جا رہا ہے ۔ کے سی آر نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ ہندو سماج اور دھرم کے محافظ ہیں۔ سوامی نے سارے ہندو سماج سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس کی تائید کریں اور اسبات کو یقینی بنائیں کہ چیف منسٹر کی حیثیت سے چندر شیکھر راؤ دوبارہ اقتدار پر آئیں تاکہ وہ دھرم راج کو جاری رکھ سکیں۔