کیا ہندوستانی خواتین کی اہمیت گائے سے بھی کم ہے؟

 

نئی دہلی۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام)ملک میں فوٹوگرافی کے ایک پروجیکٹ میں خواتین کو گائے کا ماسک پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے اور یہ سوال پوچھا جا رہا ہے کہ کیاہندوستان میں خواتین کی اہمیت مویشیوں سے بھی کم ہے؟23 سالہ فوٹوگرافر کی یہ فوٹو سیریز ملک میں وائرل ہو چکی ہے لیکن سخت گیر ہندو قوم پرست انھیں اس کے لیے لعنت ملامت بھی کر رہے ہیں۔دہلی کے فوٹوگرافر سوجاترو گھوش نے بی بی سی سے بات کرتے ہو کہا: ‘میں اس بات سے پریشان ہوں کہ ہمارے ملک میں مویشی خواتین سے بھی زیاد اہم ہیں۔ گائے، جسے بہت سے ہندو مقدس مانتے ہیں، کے مقابلے میں ان خواتین کو انصاف ملنے میں کافی تاخیر ہوتی ہے جن پر حملہ ہوتا ہے اور ریپ کیا جاتا ہے۔’خواتین کے خلاف جرائم کے حوالے سے انڈیا اکثر سرخیوں میں رہتا ہے، حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق ہر 15 منٹ میں ریپ کا ایک واقعہ پیش آتا ہے۔ گھوش کہتے ہیں: ‘اس طرح کے مقدمات میں خواتین کو انصاف کے لیے برسوں تک کیس لڑنا پڑتا ہے، اس کے برعکس اگر کوئی گائے ذبح کر دی جائے تو سخت گیر ہندو گروپ فوراً ہی مشتبہ افراد کو قتل کر دیتے ہیں، یا پھر مارتے پیٹتے ہیں۔’گھوش کے مطابق ان کی فوٹو گرافی کا پروجیکٹ اسی طرح کے گاؤ رکشکوں کے گروپوں کے خلاف ایک احتجاج ہے جنھیں مرکز میں مودی کی حکومت میں آنے کے بعد سے بڑا حوصلہ مل گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ دادری میں محمد اخلاق کا قتل اور اسی نوعیت کے دیگر مسلمانوں پر گاؤ رکشکوں کے متعدد حملوں سے تعلق پر انھیں بہت تشویش ہے۔

 

جھارکھنڈ میں مردہ گائے پر فساد ،مسلمان کے مکان کو آگ لگا دی
دھنباد۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام)جھارکھنڈ میں مردہ گائے ملنے پر فساد کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ مجمع کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے فائرنگ کی۔ یہ واقعہ گریڈیہ ضلع کے ہساگرست گاؤں میں پیش آیا جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پر قابو پانے کے لیے سی آر پی ایف کے جوانوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔جھارکھنڈ پولیس کے ترجمان آر کے ملک نے بتایا ‘اس واقعے میں زخمی عثمان انصاری کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس فائرنگ میں زخمی ہونے والا شخص کرشنا بھی ہسپتال میں داخل ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں 11 افراد کو گرفتار کیا ہے۔’ پولیس کے ترجمان آر کے ملک نے بتایا ‘بیر گاؤں کا رہائشی عثمان انصاری ڈیری چلاتے ہیں۔ ان کی ایک گائے کی بیماری سے موت ہو گئی تھی۔ عثمان نے مردہ جانوروں کو تلف کرنے والے ایک شخص سے بات کی۔ پیسے کے حوالے سے دونوں میں گرما گرمی ہو گئی تو عثمان نے خود ہی گائے کو تلف کر دیا۔ اسی دوران کسی نے گائے کا سر اور پاؤں کاٹ دیا۔’آر ملک نے مزید بتایا ‘منگل کو ہفتہ وار مارکیٹ جاتے لوگوں نے سر کٹی گائے کی لاش دیکھی تو افواہ پھیلی کہ عثمان انصاری نے ہی گائے کو مارا ہے۔ اس کے بعد ہجوم نے عثمان کے گھر پر حملہ کر دیا۔’