کیا کسی دلت لیڈر کو چیف منسٹر بنانے سے میں نے روکا تھا ؟

کے سی آر سے چندرا بابو نائیڈو کا سوال ۔ شہر کے مختلف اسمبلی حلقوں میں روڈ شوز اور کارنر میٹنگس سے خطاب

حیدرآباد یکم دسمبر ( سیاست نیوز ) صدر تلگو دیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو نے انہیں تلنگانہ میں نہ آنے صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ کے حاکمانہ رویہ پر برہمی کا اظہار کیا اور کے سی آر پر سوالات کی بوچھار کردی ۔ انہوں نے سوال کیا کہ وہ ( کے سی آر ) کہاں سے آئے ہیں ۔ نائیڈو جنہوں نے آج گریٹر حیدرآباد کے مختلف حلقہ جات اسمبلی میں دوسرے مرحلہ کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے کارنر میٹنگس اور روڈ شو سے خطاب کیا ۔ کے سی آر پر استفسارات کی بوچھار کی اور دریافت کیا کہ آیا دلت طبقات کو تین ایکڑ اراضی دینے میں رکاوٹ میں نے پیدا کی ؟ دلت قائد کو چیف منسٹر بنانے سے آیا میں نے روکا تھا ؟ تلنگانہ کی ترقی کو یقینی بنانے سے آیا کے سی آر کو میں نے روکا تھا ؟ ۔ نائیڈو نے کہا کہ چندر شیکھر راو کو ان سوالات کا جواب دینا چاہئے اوریہ واضح کرنا چاہئے کہ میں نے تلنگانہ کی ترقی میں کہاں رکاوٹ پیدا کی ۔ انہوں نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے تلگو دیشم سے متعلق طرز عمل و شخصی حملوں پر چندر شیکھر راؤ کو ہدف ملامت بناتے ہوئے حیدرآباد کی ترقی کا تذکرہ کر کے کہا کہ میں نے شہر حیدرآباد کی تعمیر کا سہرا کبھی اپنے سر باندھنے کی کوشش نہیں کی ۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ سائبر آباد کی تعمیر ضرور انہوں نے کی تھی ۔ صدر تلگو دیشم نے کہا کہ ان ہی کی کاوشوں سے حیدرآباد کا نام عالمی نقشہ میں شامل کیا گیا اور دنیا کے مختلف ممالک کا دورہ کر کے سائبر آباد میں کئی کمپنیوں کے قیام کو یقینی بنایا گیا ۔ علاوہ ازیں ہائی ٹیک سٹی کی تعمیر عمل میں لائی گئی ۔ انٹرنیشنل ایرپورٹ اور آوٹر رنگ روڈ کو تلگو دیشم دور میں منظوری دی گئی ۔ چیف منسٹر اے پی نے عظیم اتحاد کے قیام کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ محض تلنگانہ سے خاندانی و آمرانہ طرز حکومت کو بیدخل کرنے کے علاوہ دستور ہند اور ملک کی جمہوریت کا تحفظ کرنے عظیم اتحاد تشکیل دیا گیا ۔ اسی طرح ملک گیر سطح پر بھی اسی طرح تمام غیر بی جے پی جماعتوں پر مشتمل فرنٹ تشکیل دیا جارہا ہے ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ کانگریس سے مفاہمت کرنے میں ان کا کوئی ذاتی یا سیاسی مفاد نہیں ہے بلکہ ملک کے اور ریاست کے ناگزیر حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کانگریس سے مفاہمت کو ترجیح دی گئی ۔ صدر تلگو دیشم نے مرکزی بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی نے تمام اہم اداروں کو تباہ کر رکھدیا ۔ نوٹ بندی کے ذریعہ ملک کے عوام کو مشکلات و مسائل سے دوچار کر رکھدیا گیا ۔ مسٹر نائیڈو نے صدر بی جے پی امیت شاہ اور وزیراعظم مودی پر الزام عائد کیا کہ دونوں نے ملک میں مشکل حالات پیدا کئے اور دونوں سے دریافت کیا کہ آیا نوٹ بندی کے ذریعہ کسی عام آدمی کو کوئی فائدہ ہوا ہے ؟ انہوں نے ملک کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کیا اور دریافت کیا کہ گذشتہ پانچ سال میں مرکزی پی اور ریاستی حکومت نے کیا کیا اس پر عوام کو غور کرنے اور عظیم اتحاد حکومت کی تشکیل کو یقینی بنانے کی اپیل کی ۔

ملک پیٹ میں آج چندرا بابو نائیڈو اور غلام نبی آزاد کا روڈ شو
حیدرآباد۔یکم ڈسمبر( سیاست نیوز) چیف منسٹر اے پی و اپوزیشن لیڈر راجیہ سبھا جناب غلام نبی آزاد حلقہ ملک پیٹ میں تلگودیشم امیدوار محمد مظفرعلی خان کے حق میں 2ڈسمبر کو انتخابی مہم چلائیںگے۔ ملک پیٹ کے مختلف محلوں اور علاقوں میں دونوں قائدین کا روڈ شو اورعوام سے خطاب ہوگا۔اس کے علاوہ 3ڈسمبر کو تلگو سوپر اسٹار بالاکرشنا اور شعلہ بیان مقرر کنہیا کمار بھی ملک پیٹ میں محمد مظفرعلی خان کی تائید میںروڈ شو اور عوام سے خطاب کریں گے۔چندرا ٓبابونائیڈو ‘ غلام نبی آزاد‘ بالاکرشنا او رکنہیا کمار کے روڈ شوکے پیش نظر حلقہ کے تلگودیشم ‘ کانگریس اور سی پی آئی قائدین میں جوش وخروش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ قائدین و کارکن تیاریوں میں مصروف ہیں۔ توقع ہے کہ ملک پیٹ میں مختلف جماعتوں کے قائدین نائیڈو اور آزاد کی موجودگی میںکانگریس او رتلگودیشم میںشمولیت اختیار کریں گے۔ چندرا بابو نائیڈو اور غلام نبی آزاد کا روڈ شو گڈی انارام پر ختم ہوگا جہاں یہ قائدین جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔