حملہ آور جیش محمد کے دو مشتبہ عسکریت پسند بھی مارے گئے ۔ پانچ سپاہی زخمی ۔ دو کی حالت تشویشناک
سرینگر، 27 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) عسکریت پسندوں نے آج شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں ایک فوجی کیمپ پر حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں تین فوجی اہلکار بشمول ایک کیپٹن ہلاک اور پانچ دوسرے زخمی ہوگئے ۔ اس حملے میں فوج کی جوابی فائرنگ کے نتیجہ میں دو مشتبہ جیش محمد عسکریت پسند بھی مارے گئے ہیں۔ ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے کپواڑہ میں پنزگام کے مقام پر صبح 4 بجے فوجی کیمپ پر یہ حملہ کیا تھا ۔ تین فوجی اہلکار بشمول ایک آفیسر حملہ آوروں کی کارروائی میں ہلاک ہوگئے جبکہ دو عسکریت پسند بھی مارے گئے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ متوفی عہدیدار کی کیپٹن آیوش کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے لیکن دو سپاہیوں کی شناخت کا ابھی علم نہیں ہوسکا ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ اس حملہ میں پانچ دوسرے سپاہی زخمی بھی ہوئے ہیں زخمی سپاہیوں کو فوج کے 92 بیس ہاسپٹل کو ہیلی کاپٹر کے ذریعہ بغرض علاج منتقل کیا گیا ۔ یہ پتہ چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا عسکریت پسند اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کیمپ میں داخل ہوگئے تھے یا نہیں۔ یو این آئی کے بموجب جاریہ سال یہ وادی میں کسی فوجی یا سیکورٹی فورس کیمپ پر ہونے والا پہلا فدائین حملہ ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دو فدائین حملہ آوروں نے ایل او سی کے قریب 155 فیلڈ رجمنٹ کے آرٹلری ہیڈکوارٹرس پر حملہ کیا اور طرفین کے مابین شدید گولہ باری کے تبادلے کے نتیجے میں دو افسروں سمیت تین فوجی اہلکار ہلاک اور دو فدائین حملہ آور جو غالباً غیر ملکی ہیں، مارے گئے ۔ زخمیوں میں دو کی حالت نازک بتائی گئی ہے ۔ مہلوک فوجیوں کی شناخت 25 سالہ کیپٹن آیوش یادو، 46 سالہ جے سی او بھوپ سنگھ گوجر دوسا اور 38 سالہ نائک وینکٹ رمن کے بطور کی گئی ہے ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ آرٹلری ہیڈکوارٹرس کے باب الداخلے پر تعینات فوجی اہلکاروں نے فدائین حملہ آوروں کی کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنایا۔انہوں نے بتایا ‘ دو بھاری مسلح جنگجو جنہوں نے غالباً حال ہی میں سرحد کے اس پار دراندازی کی ہے ، اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شمالی پنز گام میں ایل او سی کے نزدیک واقع 155 فیلڈ رجمنٹ کے آرٹلری ہیڈکوارٹرس میں داخل ہونے کی کوشش کی’۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں نے فوجی ہیڈکوارٹرس کے اندر داخل ہونے اندھا دھند فائرنگ کی اور کیمپ کے باب الداخلے کی طرف ایک ہینڈ گرینیڈ پھینکا۔انہوں نے بتایا ‘مستعد فوجیوں نے فوری طور مورچہ سنبھالتے ہوئے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین گولہ باری کا تبادلہ شروع ہوا’۔ جنگجوؤں کی طرف سے ابتدائی فائرنگ میں متعدد فوجی اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کیپٹن اور جے سی او سمیت تین فوجی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ۔ کیمپ کے باب الداخلے کے نذدیک فوجیوں اور جنگجوؤں کے مابین شدید گولہ باری اور دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے کی آوازیں اٹھنے کا سلسلہ قریب دو گھنٹوں تک جاری رہا۔