کٹیہار میڈیکل کالج میں ڈاکٹر فیاض عالم کی مشتبہ موت

کٹیہار(بہار)۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)گوپال گنج کے ایم بی بی ایس ڈاکٹر فیاض عالم کی مشکوک حالت میں موت واقع ہوگئی۔ متوفی کے ارکان خاندان نے فیاض عالم کی قتل کئے جانے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی متوفی ڈاکٹر کے ارکان خاندان کٹیہار میڈیکل کالج کیلئے روانہ ہوگئے ہیں۔ یہ حادثہ منگل کو کٹیہار میں پیش آیا جس کے بعد موضع برولی کے بلہا گاؤں میں صف ماتم بچھ گیا۔ متوفی ڈاکٹر کا نام فیاض عالم ہے اور ان کا تعلق برولی کے بلہا گاؤں سے ہے۔ ان کے والد فاروق اعظم کے مطابق فیاض عالم کٹیہار میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد پی جی کی پڑھائی کررہے تھے اور جاریہ سال تعلیم کا آخری سال تھا، تاہم منگل کے روز انہیں کالج سے فون پر اطلاع دی گئی کہ فیاض عالم کی ایک حادثہ میں موت واقع ہوگئی ہے۔ اطلاع کے ساتھ ہی گھر اور پورے گاؤں میں غم کی ایک لہر دوڑ گئی۔ اطلاع ملتے ہی متوفی کے والدین دیگر ارکان خاندان کے ساتھ کٹیہار کیلئے روانہ ہوگئے۔ متوفی کے والد انجینئر ہیں اور وہ بیرون ملک برسرکار ہیں۔ ہولی کی تعطیل کے بعد وہ واپس بیرون ملک چلے گئے۔ فیملی کے مطابق فیاض کی پیٹھ اور سر پر زخم کے گہرے نشانات پائے گئے ۔