سرینگر ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) 8 سالہ لڑکی کیلئے انصاف کی مہم پوری وادی کشمیر میں شدت اختیار کرتی جارہی ہے۔ عوام احتجاجی جلوس وادی کے طول و عرض میں نکال رہے ہیں۔ مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ نے آج ایک احتجاجی جلوس ریزیڈنشی روڈ پر نکالا اور مہلوک لڑکی کے ساتھ انصاف کا مطالبہ کیا۔ ملک گیر سطح پر اس گھناونے واقعہ کے خلاف برہمی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ وکلاء کے گروپ، شہری سماج کے ارکان اور دیگر شعبہ حیات کے عوام احتجاجی جلوس میں پرتاپ پارک میں شانہ بشانہ کھڑے تھے اور اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کے جرم میں ملوث خاطیوں کیلئے سزائے موت کا مطالبہ کررہے تھے۔ یہ واقعہ جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوا میں جاریہ سال جنوری میں پیش آیا تھا۔