کویتا نے ڈی سرینواس کے خلاف والد سے کی شکایت

نظام آباد کے عوامی نمائندوں کی دستخط کے ساتھ مکتوب، تادیبی کارروائی کا مطالبہ

حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دختر رکن پارلیمنٹ کویتا نے آج نظام آباد کے عوامی نمائندوں کے ساتھ رکن راجیہ سبھا ڈی سرینواس کے خلاف مورچہ کھول دیا ہے۔ کویتا نے نظام آباد ضلع کے تحت آنے والے تمام ارکان اسمبلی اور کونسل کی دستخطوں کے ساتھ ایک مکتوب چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو روانہ کیا جس میں ڈی سرینواس کی مخالف پارٹی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی مانگ کی گئی۔ یہ پہلا موقع ہے جب کویتا نے اپنے ضلع کے عوامی نمائندوں کو ڈی سرینواس کے خلاف نہ صرف متحد کیا بلکہ پریس کانفرنس میں چیف منسٹر کو روانہ کردہ مکتوب میڈیا کے لئے جاری کردیا ۔ حالیہ عرصہ میں ڈی سرینواس ضلع میں ٹی آر ایس کی سرگرمیوں سے خود کو علحدہ کرچکے تھے ۔ ان کے فرزند کی بی جے پی میں شمولیت کی اطلاعات کے دوران ٹی آر ایس حلقوں میں ناراضگی پیدا ہوگئی ۔ کویتا نے گزشتہ چار برسوں کے دوران پارٹی کے کسی بھی قائد کے خلاف کھل کر بیان بازی نہیں کی ، جس طرح انہوں نے آج ڈی سرینواس کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع میں بی جے پی کی سرگرمیوں میں شدت اور ٹی آر ایس کی مقبولیت میں کمی نے کویتا کو ڈی سرینواس کے خلاف محاذ آرائی پر مجبور کردیا ۔ بیٹی کی شکایت پر دیکھنا یہ ہے کہ پارٹی صدر جو ان کے والد ہیں کیا کارروائی کریں گے۔ کانگریس سے ٹی آر ایس سے شمولیت کے بعد ڈی سرینواس کو راجیہ سبھا کیلئے منتخب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے اقتدار کو یقینی دیکھنے کے بعد ڈی سرینواس نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی کانگریس نے انہیں جائز مقام سے محروم کرتے ہوئے توہین کی تھی لیکن ٹی آر ایس نے انہیں راجیہ سبھا کی رکنیت دے کر احترام کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈی سرینواس کی سرگرمیوں کے سبب پارٹی کارکن الجھن کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس میں رہ کر دیگر پارٹیوں میں شمولیت سے متعلق بات کرنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ضلع سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں نے ڈی سرینواس کی سرگرمیوں سے چیف منسٹر کو آگاہ کردیا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ جو شخص اپنے خاندان کو قابو نہیں رکھ سکتا وہ کس طرح پارٹی میں برقرار رہ سکتا ہے ۔ خاندان کیلئے پارٹی کو نقصان پہنچانا مناسب نہیں ہے۔ چیف منسٹر کو روانہ کردہ مکتوب پر ضلع کے تمام ارکان اسمبلی اور ارکان کونسل نے دستخط کئے ہیں۔ مکتوب میں پارٹی کی شمولیت سے لیکر آج تک کی سرینواس اور ان کے فرزندان کی سرگرمیوں کی تفصیلات بیان کی گئی ہے۔