نیشنل کنونشن سے ریاستی وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے آج انڈین واٹر کونسل پر زور دیاکہ حکومت تلنگانہ کی درخواست پر توجہ دی جائے جس نے حکومت مہاراشٹرا کی جانب سے برقی پیداوار کے لیے استعمال کئے جانے والے کویانا ڈیم سے 100 ٹی ایم سی پانی چھوڑنے کے بجائے کرشنا میں جانے دینے کی اجازت دی جائے جہاں پانچ گنا زیادہ برقی پیداوار کی جاسکتی ہے ۔ کرشنا ندی کی تجدید پر آج یہاں نیشنل کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت سے ان کی درخواست یہ ہے کہ حکومت مہاراشٹرا کی جانب سے برقی پیداوار کے لیے استعمال کئے جانے والے 100 ٹی ایم سی پانی اور پھر اسے بحر عرب میں چھوڑنے کے بجائے اسے کرشنا ندی میں چھوڑا جائے جہاں پانچ گنا زیادہ برقی پیداوار کی جاسکتی ہے الماٹی ، جرالہ ، نارائن پور ، سری سیلم اور ناگر جنا ساگر پر ۔ اس طرح پانچ گنا زیادہ برقی پیداوار کی جاسکتی ہے اور مہاراشٹرا کو اس کی ضرورت کے وقت سربراہ کی جاسکتی ہے ۔ اس کے علاوہ پانی کو زراعت اور پینے کے پانی کے مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسا سسٹم ہونا چاہئے کہ بحیرہ عرب میں جانے کے بجائے پانی کا بہاؤ خلیج بنگال میں ہو اور یہ کرشنا میں آئے ۔ اس سلسلہ میں کرناٹک اور مہاراشٹرا کی حکومتوں سے بات چیت کی جائے گی ۔۔