کوکٹ پلی میں اسکول کا شیڈ گرگیا ‘ 2 طالبات ہلاک

حیدرآباد۔ 2 اگست (سیاست نیوز) خانگی اسکول انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت اور طلبا کی حفاظت کے متعلق لاپرواہی آشکار ہوگئی اور اس مجرمانہ غفلت کے سبب 2 کمسن کی ہلاکت پیش آئی۔ کوکٹ پلی کے علاقہ میں آج شام یہ واقعہ پیش آیا۔ کراٹے کلاس میں مصروف طلبہ پر دیوار اور شیڈ گرنے کے سبب 2 طالبات ہلاک اور دیگر 4 شدید زخمی ہوگئے۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ کوکٹ پلی کے علاقہ ویویکانند نگر کالونی میں واقع نیو سنچری پبلک اسکول میں یہ المناک واقعہ پیش آیا جس میں 2 طالبات ہلاک ہوگئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ متوفی طالبات کی شناخت 9 سالہ ماہی کیرتنا اور 8 سالہ چندنا کی حیثیت سے کرلی گئی جبکہ زخمیوں میں نکیتا، سندیپ، دیوا سری اور ایک طالب علم نریش شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری مقامی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ سمجھا جارہا ہے کہ رات کی تیز بارش کے سبب شیڈ بوسیدہ ہوگیا تھا ۔ پولیس کوکٹ پلی نے مقدمہ درج کرلیا اور مزید تحقیقات جاری ہیں ۔