کووند ، بلغاریائی صدر نے گاندھی کے مجسمہ کا افتتاح کیا

صوفیا ۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاتما گاندھی کے ایک مجسمہ کا صدر جمہوریہ رامناتھ کووند اور ان کے بلغاریائی ہم منصب رومن رادیف نے یہاں صوفیا کے مرکزی علاقہ میں واقع مشہور ساوتھ پارک میں نقاب کشائی کی۔ یہ مجسمہ مشہور بلغاریائی مجسمہ ساز ایوان روزیف نے بنایا ہے۔ کووند نے رادیف کو گاندھی جی کی کتاب ’ہند سواراج‘ کی ایک نقل بھی پیش کی۔ صدر کووند نے آج یہاں بلغاریائی وزیراعظم بوئیکو بوریسوف سے ملاقات بھی کی اور اس ملک سے ہندوستان میں مینوفیکچر کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے کی مختلف کمپنیوں کو دعوت دی جو پرجوش ’میک ان انڈیا‘ پروگرام کا حصہ ہے۔ کووند قبرص سے یہاں منگل کو آئے تھے جو ان کے 8 روزہ سہ قومی دورہ یوروپ کا دوسرا مرحلہ ہے۔ وہ یوروپی ممالک کے ساتھ اعلیٰ سطح کے روابط کو آگے بڑھارہے ہیں۔ بلغاریہ سے وہ چیک ریپلک کیلئے پرواز کریں گے۔