کونڈا سریکھا، کونڈا مرلی دوبارہ کانگریس میں شامل

راہول گاندھی نے پارٹی کا کھنڈوا پہناکر پرتپاک استقبال کیا،ٹی آر ایس کو شکست دینے کا عزم

حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): سابق رکن اسمبلی کونڈا سریکھا نے آج اپنے شوہر رکن قانون ساز کونسل کونڈا مرلی اور اپنے حامیوں کے ساتھ دہلی میں صدر کانگریس راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ ٹی آر ایس کو شکست دینے کے لیے غیر مشروط کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کونڈا جوڑے کی کانگریس میں شمولیت کو گھر واپسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کونڈا سریکھا ریاست بھر میں کانگریس کے لیے انتخابی مہم چلائے گی ۔ اسمبلی حلقہ ایسٹ ورنگل کی نمائندگی کرنے والی کونڈا سریکھا کو ٹی آر ایس نے اپنے 105 امیدواروں کی فہرست میں شامل نہیں کیا جس پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ان کا ٹکٹ کٹوانے کا کے ٹی آر پر الزام عائد کرتے ہوئے ٹی آر ایس قیادت کو 12 دن کی مہلت دی تھی جو کل ختم ہونے کے بعد پھر ایکبار ٹی آر ایس قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کل شام میں ہی اپنے حامیوں کے ساتھ دہلی پہونچ گئی ۔ آج صبح دہلی میں قائد اپوزیشن راجیہ سبھا غلام نبی آزاد سے ملاقات کی بعد ازاں 11-30 بجے کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شامل ہوگئی ۔ متحدہ ضلع ورنگل کے 6 اسمبلی حلقوں پر اپنا اثر و رسوخ رکھنے والی کونڈا سریکھا نے کہا کہ وہ کانگریس خاندان میں دوبارہ واپس ہوتے ہوئے سکون محسوس کررہی ہیں ۔ انہوں نے دو یا تین نشستیں کانگریس قیادت سے طلب کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر مشروط کانگریس میں شامل ہوئی ہیں ۔ متحدہ آندھرا پردیش میں بحیثیت وزیر خدمات انجام دینے والی کونڈا سریکھا علحدہ تلنگانہ ریاست کے پہلے عام انتخابات میں اسمبلی حلقہ ایسٹ ورنگل سے ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی تھی ۔ کونڈا سریکھا نے کہا کہ ٹی آر ایس کو شکست دینے کے لیے کانگریس میں شامل ہوئی ہیں ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے سے صرف کے سی آر کے خاندان کو فائدہ پہونچا ہے ۔ تلنگانہ کے لیے زندگیاں قربان کرنے والے مجاہدین کے ارکان خاندان کو نظر انداز کردیا گیا ۔ بیروزگار نوجوانوں کی جدوجہد کو فراموش کردیا گیا ہے ۔ ٹی آر ایس میں بی سی طبقہ سے نا انصافی ہونے کا الزام عائد کیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کونڈا سریکھا اور ان کے شوہر کونڈا مرلی کی کانگریس میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کونڈا جوڑے کی گھر واپسی ہوئی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کونڈا سریکھا کو انتخابی مہم کمیٹی میں شامل کرتے ہوئے سارے تلنگانہ میں ان کے ذریعہ کانگریس امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے کا بھی اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کونڈا سریکھا غیر مشروط کانگریس میں شامل ہوئی ہیں ۔ ان کی کانگریس میں شمولیت سے متحدہ ضلع ورنگل میں کانگریس پارٹی مضبوط و مستحکم ہوئی ہے ۔ اس موقع پر قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر ، رکن راجیہ سبھا رینوکا چودھری ، سابق صدر ٹی پی سی سی پنالہ لکشمیا ، حال ہی میں ٹی آر ایس سے کانگریس میں شامل ہونے والے سابق رکن پارلیمنٹ رمیش راٹھور سابق صدر نشین وقف بورڈ سید شاہ افضل بیابانی (خسرو پاشاہ ) کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔۔