کولکتہ کی باگری مارکٹ میں مہیب آتشزدگی

کولکتہ 16 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کولکتہ کی باگری مارکٹ میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ۔ یہ ایک ہمہ منزلہ عمارت ہے جس میں تقریبا 1000 دوکانیں اور کاروباری ادارے موجود ہیں۔ یہ عمارت کولکتہ کی باگری مارکٹ میں واقع ہے ۔ ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ اس واقعہ میںکسی کے ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
تاہم تقریبا نو گھنٹوں کے بعد بھی آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا تھا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے کیلئے تقریبا 35 فائر انجنوں کو مصروف کیا گیا تھا ۔ آگ پر قابو پانے میں مشکلات پیش آ رہی تھیں کیونکہ یہاں آنے والے راستے تنگ ہیں۔
اس کے علاوہ آتش فر و عملہ کی جانب سے سیڑھیوں کا اور گیس کٹرس کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ گیٹس اور کھڑکیوں کی گرلس کو توڑا جاسکے اور عمارت میں داخل ہوا جاسکے ۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتیا کہ کیننگ اسٹریٹ میں واقع اس عمارت کی گراونڈ فلور پر یہ آگ لگی تھی جس کے بعد یہ دوسرے فلورس تک تیزی کے ساتھ پھیلتی گئی ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ نو گھنٹوں کی جدوجہد کے باوجود آگ پر قابو پانے میں مشکلات پیش آ رہی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ کا پتہ چلانے کیلئے فارنسک محکمہ کی ایک ٹیم بھی یہاں کا دورہ کرے گی ۔ اس عمارت میں بیشتر کاسمیٹکس اور کھلونوں کی دوکانیں تھیں۔ چیف منسٹر ممتابنرجی نے جو تجارتی کانفرنس میںشرکت کیلئے اٹلی اور جرمنی روانہ ہوئیں کہا کہ کسی کے بھی عمارت میں پھنسے ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی بھی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے ۔