کولکتہ میں ترنمول کانگریس کے دفتر کے باہر دھماکہ ‘ 1 ہلاک 10 زخمی

دو زخمیوںکی حالت تشویشناک ۔ علاقہ کی ناکہ بندی ۔بی جے پی ذمہ دار ‘ ترنمول کا الزام
کولکتہ 2 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کولکتہ میں ناگر بازار علاقہ میں ترنمول کانگریس کے ایک دفتر کے باہر درمیانی شدت کا ایک دھماکہ ہوا جس میں ایک شخص ہلاک اور 10 دوسرے زخمی ہوگئے ہیں۔متوفی کی آٹھ سالہ لڑکے بیبھاگھوش کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے۔ ریاستی کابینہ کے کئی سینئر ارکان نے دھماکہ کے مقام کا دورہ کیا ۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ اس علاقہ کو قاضی پارا کہا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے اسے سلینڈر دھماکہ سمجھا گیا تھا لیکن یہ بم دھماکہ لگتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دھماکہ میں زخمی دو افرادکی حالت نازک ہے ۔ دوسرے افراد کو زخم معمولی آئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ یہ بم ترنمول کانگریس دفتر کے باہر پھٹ پڑا جو جنوبی ڈم ڈم میونسپلٹی صدر نشین پنچو رائے کے دفتر کی حیثیت سے استعمال کیا جاتا ہے ۔ مسٹر رائے یہاں ہر منگل کو گراونڈ فلور پر دفتر آتے ہیں۔ ترنمول کانگریس کے کارکنوں نے ادعا کیا ہے کہ اس دھماکہ کے ذریعہ مسٹر رائے کو نشانہ بنایا گیا تھا تاہم پولیس نے اس پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ بارک پور پولیس کمشنریٹ میں کمشنر پولیس راجیش کمار سنگھ نے کہا کہ یہ کوئی گیس سلینڈر نہیں تھا بلکہ یہ ایک بم کا دھماکہ تھا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کس طرح کا دھماکہ تھا اور اس میں کونسا مادہ استعمال کیا گیا ہے اس کی تحقیقات کی جار ہی ہے ۔ سی آئی ڈی کے بم عملہ کو یہاں طلب کرلیا گیا ہے ۔ کئی افراد اس میں زخمی ہوگئے ہیں۔ اس تین منزلہ عمارت کی کھڑکیوں کے شیشے وغیرہ بھی اس دھماکہ کی شدت کی وجہ سے ٹوٹ گئے ۔ پولیس نے سارے علاقہ کی ناکہ بندی کردی ہے ۔ اس دوران ترنمول کانگریس نے دھماکہ کیلئے بی جے پی کو ذمہ دار قرار دیا ہے ۔بی جے پی نے این آئی اے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔