مغربی بنگال کے مشہور شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ معاملہ میں کولکاتہ پولیس کمشنر راجیو کمار کا نام بھی سامنے آیا ہے۔ اتوار شام سی بی آئی کی ایک ٹیم کولکاتہ پولیس کمشنر راجیو کمار کے گھر پر چھاپہ مارنے پہنچی ۔ اس کو لے کر سی بی آئی ٹیم اور کولکاتہ پولیس کی ٹیم کے درمیان کہا سنی ہوگئی اور ہاتھا پائی تک نوبت پہنچ گئی ۔ بتایا جارہا ہے کہ پولیس نے سی بی آئی ٹیم کو راجیو کمار کے گھر میں داخل ہونے سے روک دیا ہے ۔ وہیں بتایا جارہا ہے پولیس سی بی آئی کے پانچ افسران کو تھانے لے کر گئی ۔ تاہم بعد میں انہیں چھوڑ دیا گیا ۔
ادھر ممتا بنرجی آئین کے تحفظ کیلئے میٹرول چینل کے پاس دھرنے پر بیٹھ گئی ہیں۔ اس دوران حالات کو قابو میں کرنے رکھنے کیلئے سی آر پی ایف کے جوانوں کو بلالیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں کولکاتہ پولیس کمشنر بھی دھرنے میں شامل ہوگئے ہیں ۔