کودنڈا رام کی سیاسی جماعت ’ تلنگانہ جنا سمیتی ‘ کا کل اعلان 

٭ نام کو الیکشن کمیشن کی منظوری ۔ عنقریب گزٹ میں شمولیت
٭ 4 اپریل کو پارٹی پرچم اور تاسیسی جلسہ کے پوسٹر کی رسم اجرائی
٭ 29 اپریل کو جلسہ عام کے انعقاد کیلئے تین امکانی مقامات کی نشاندہی
حیدرآباد 31 مارچ ( سیاست نیوز ) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ریاست میں تلنگانہ جے اے سی کے صدر نشین پروفیسر کودنڈا رام کی نئی سیاسی جماعت کے نام کو منظوری دیدی ہے ۔ کودنڈا رام کی سیاسی جماعت کا نام ’ تلنگانہ جنا سمیتی ‘‘ ہوگا ۔ ذرائع کے بموجب کودنڈا رام 2 اپریل پیر کو اپنی نئی سیاسی جماعت کے قیام کا باقاعدہ اعلان کرینگے اور وہ 4 اپریل کو پارٹی پرچم کی اجرائی کا بھی منصوبہ رکھتے ہیں۔ کودنڈا رام کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ 29 اپریل کو اپنی نئی سیاسی جماعت تلنگانہ جنا سمیتی کا ایک بڑا جلسہ عام منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اس جلسہ کے مقام کا ابھی تعین نہیں کیا گیا ہے ۔ پروفیسر کودنڈا رام نے تلنگانہ جے اے سی کی قیادت کرتے ہوئے ٹی آر ایس کے ساتھ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تحریک چلائی تھی اور اب وہ مختلف مسائل اور امور پر حکومت سے اختلاف رکھتے ہیں اور ٹکراؤ کے مرحلہ میں آگئے ہیں۔ یہ امید کی جا رہی ہے کہ کودنڈا رام تلنگانہ ریاست میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں اپنی پارٹی کے امیدواروں کو میدان میں اتارینگے ۔ برسر اقتدار جماعت کے ان کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں رہ گئے ہیں اور ٹی آر ایس کا الزام ہے کہ کودنڈا رام ٹی آر ایس کو بدنام کرنے کی مہم چلا رہے ہیں ۔وہ اس سلسلہ میں اپوزیشن کانگریس سے ساز باز کرچکے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ کودنڈا رام پیر 2 اپریل کو ایک پریس کانفرنس میں اپنی نئی سیاسی جماعت کا اعلان کرینگے ۔ وہ 4 اپریل کو پارٹی پرچم اور پوسٹر کی اجرائی عمل میں لائیں گے ۔ کہا جا رہا ہے کہ ان کی پارٹی کا پرچم تین رنگوں پر مشتمل ہوگا ۔ اس میں سفید ‘ نیلا اور پیلا رنگ شامل رہے گا ۔ اس میں تلنگانہ کے شہیدوں ‘ ورکرس اور کسانوں کی علامتیں بھی ہوسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ ٹی جے ایس کے قیام کا پہلا جلسہ عام 29 اپریل کو منعقد ہوگا۔ پارٹی نے پریڈ گراونڈ ‘ لال بہادر اسٹیڈیم اور این ٹی آر اسٹیڈیم کی نشاندہی کی ہے جہاں جلسہ عام منعقد کیا جاسکتا ہے تاہم اس سب کا دار و مدار پولیس کی اجازت پر ہوگا ۔ ٹی جے ایس کے ذرائع نے اس سوال کا راست جواب دینے سے گریز کیا کہ آیا جے جے ایس میں ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی یا ارکان پارلیمنٹ شامل ہوسکتے ہیں ؟ ۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ دلچسپی ضرور رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جے ٹی ایس کے ساتھ تلنگانہ جے اے سی بھی کام کرتی رہے گی ۔ کودنڈا رام نے حکومت کے خلاف کئی مسائل پر احتجاج منعقد کیا تھا اور کئی موقعوں پر انہیں اس کی اجازت نہیں دی گئی تھی ۔ انہوں نے گذشتہ دنوں ملین مارچ کا اعلان کیا تھا جسے پولیس نے اہم مقامات کی ناکہ بندی کرتے ہوئے ناکام بنادیا تھا اور انہیں گرفتار بھی کرلیا تھا ۔ اب وہ باضابطہ سیاسی جماعت کے قیام کی تیاری کرچکے ہیں۔ قبل ازیں الیکشن کمیشن نے کودنڈا رام کی سیاسی جماعت کے نام کو اصولی طور پر منظوری دیدی ہے ۔ کمیشن اب بہت جلد اس جماعت کے نام کو گزٹ میں شامل کریگا۔ کمیٹی کے ذرائع نے کہا کہ پارٹی پرچم کو قطعیت دینے سے پہلے تاسیسی جلسہ عام کے وسیع تر انتظامات کے علاوہ دیگر بعض امور کا جائزہ لینے ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں کمیٹی کے اہم قائدین نے شرکت کی۔ جلسہ عام کیلئے نچلی سطح یعنی مواضعات سے اضلاع کی سطح سے عوام کی کثیر تعداد میں شرکت کو یقینی بنانے موجودہ تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی دیہی، منڈل اور ضلع سطح کی کمیٹیوں کے علاوہ سماج کے تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے قائدین سے عوام کو اکھٹا کرنے ہدایات دی گئی ہیں۔